لندن سے بنگلادیش جانے والی پرواز میں مسافروں کی لڑائی کی ویڈیو وائرل

ہوا میں ہنگامہ، عملے نے مداخلت کی، مسافروں میں خوف وہراس پھیل گیا

September 18, 2026 · اہم خبریں

لندن سے بنگلادیش جانے والی بیمان بنگلادیش ایئرلائنز کی پرواز کے دوران دو مسافروں کے درمیان شدید ہاتھا پائی کا واقعہ پیش آیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

میڈیا رپورٹس اور وائرل فوٹیج کے مطابق پرواز کے دوران دونوں مسافروں کے مابین کسی بات پر تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے شدید لڑائی میں تبدیل ہو گئی۔ اس ناخوشگوار صورتحال کے باعث طیارے میں سوار بچوں، بزرگوں اور دیگر عام مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دونوں افراد ایک دوسرے کے ساتھ گتھم گتھا ہیں اور اس دوران ایک مسافر کے کپڑے بھی پھٹ گئے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی طیارے کے عملے نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر مداخلت کی اور دیگر مسافروں کی مدد سے دونوں لڑنے والے افراد کو الگ کیا، جس کے بعد عملے نے بڑی مشکل سے فضائی سفر کے دوران صورتحال پر قابو پایا۔

ابھی تک اس بات کا سرکاری طور پر تعین نہیں ہو سکا ہے کہ اس لڑائی کی اصل وجہ کیا تھی اور آیا اس پر تشدد واقعے کے نتیجے میں کوئی مسافر زخمی ہوا ہے یا نہیں۔ ایوی ایشن حکام اور متعلقہ ایئرلائن کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔