حوثی ملیشیا بحیرۂ احمر میں کارروائیاں فوری بند کرے:پاکستان

بحری جہازوں کے خلاف کارروائیاں سمندری سلامتی، علاقائی امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہی ہیں۔

September 19, 2026 · اہم خبریں
حوثی ملیشیا بحیرۂ احمر میں کارروائیاں فوری بند کرے:پاکستان

حوثی ملیشیا بحیرۂ احمر میں کارروائیاں فوری بند کرے:پاکستان

پاکستان نے بحیرۂ احمر اور باب المندب میں تجارتی جہازوں کو نشانہ بنانے کی کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حوثی ملیشیا سے حملے فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے عاصم افتخار احمد نے کہا کہ بحری جہازوں کے خلاف کارروائیاں سمندری سلامتی، علاقائی امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرات پیدا کر رہی ہیں۔

عاصم افتخار احمد نے کہا کہ بحیرۂ احمر اور باب المندب میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں رہتے بلکہ عالمی تجارت اور سپلائی چین بھی متاثر ہوتی ہیں۔

پاکستانی مندوب نے سعودی عرب کے خلاف حوثی کارروائیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور ترقی کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی قیادت، حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ ان کے مطابق باب المندب اور آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی میں پیدا ہونے والی رکاوٹیں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ سمندری تنازعات کے اثرات دور دراز ممالک تک پہنچ سکتے ہیں۔

عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ اہم بحری گزرگاہوں میں غیر یقینی صورتحال نے عالمی امن و استحکام کے ساتھ ساتھ توانائی کی قیمتوں اور غذائی تحفظ کے حوالے سے بھی خدشات بڑھا دیے ہیں۔

پاکستانی نمائندے نے کہا کہ آبنائے ہرمز عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم راستہ ہے، اس لیے وہاں یا باب المندب میں تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت میں رکاوٹ عالمی معیشت پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور تنازعات کے حل کے لیے سفارتی کوششوں پر یقین رکھتا ہے اور سمندری و زمینی سطح پر معمول کے حالات کی بحالی کے لیے مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا۔

اجلاس میں سعودی عرب اور بحرین سمیت دیگر ممالک نے بھی بحیرۂ احمر میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور تجارتی جہاز رانی کو درپیش خطرات پر تشویش کا اظہار کیا۔

چین نے بھی بحیرۂ احمر میں محفوظ جہاز رانی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تجارتی بحری جہازوں کے تحفظ اور بین الاقوامی جہاز رانی کے حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے۔

اقوام متحدہ کے حکام کے مطابق باب المندب اور اس کے اطراف کی صورتحال مسلسل کشیدہ اور غیر یقینی ہوتی جا رہی ہے، جس کے باعث خطے میں سمندری سلامتی کو لاحق خطرات پر عالمی سطح پر تشویش برقرار ہے۔