اسلام آباد میں ہنگامی صورتحال کا خدشہ، پمز اور پولی کلینک ہائی الرٹ

پمز میں میڈیکل اور نان میڈیکل شعبوں کے سربراہان کو ہنگامی صورتحال کی صورت میں اسپتال میں موجود رہنے کی ہدایت

September 20, 2026 · اہم خبریں
اسلام آباد میں ہنگامی صورتحال کا خدشہ، پمز اور پولی کلینک ہائی الرٹ

اسلام آباد میں ہنگامی صورتحال کا خدشہ، پمز اور پولی کلینک ہائی الرٹ

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وفاقی اسپتالوں میں ہنگامی انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں، جبکہ پمز کے بعد پولی کلینک کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔

جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پمز میں میڈیکل اور نان میڈیکل شعبوں کے سربراہان کو ہنگامی صورتحال کی صورت میں اسپتال میں موجود رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ طبی عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔
اسپتال انتظامیہ نے ایمرجنسی، ٹراما سینٹر، آئی سی یو، سرجری، بلڈ بینک اور آپریشن تھیٹرز میں اضافی عملے کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
نوٹیفکیشن میں اسپتال میں زیادہ سے زیادہ بیڈز، اسٹریچرز اور وہیل چیئرز دستیاب رکھنے کے ساتھ ساتھ خون اور ضروری ادویات کا مناسب ذخیرہ یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
ہنگامی صورتحال کی صورت میں ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر شرجیل کو پمز کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ٹرانسپورٹ شعبے کو تمام ایمبولینسز کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح سرجری، نیوروسرجری، آرتھوپیڈک اور دیگر متعلقہ شعبوں میں اضافی عملے کی ڈیوٹیاں لگانے کی ہدایت بھی جاری کردی گئی ہے۔
دوسری جانب پولی کلینک انتظامیہ نے بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر تمام شعبوں کے سربراہان اور ڈاکٹرز کو دستیاب رہنے کی ہدایت کردی ہے۔ میڈیکل افسران، ٹرینی ڈاکٹرز، ہاؤس افسران اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو بھی شہر میں موجود رہنے کا کہا گیا ہے۔
پولی کلینک انتظامیہ کے مطابق کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں ڈاکٹر تنویر ملک فوکل پرسن کے فرائض انجام دیں گے، جبکہ اسسٹنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز کو بھی ضروری انتظامات سے متعلق ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔