ہنگو؛ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 8 دہشگرد ہلاک، پاک فوج کے 6 جوان شہید
غیرملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی،آئی ایس پی آر
فوٹو آئی ایس پی آر
راولپنڈی/اسلام آباد: خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 8 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا، جبکہ اس دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے دو نڈر افسران سمیت 6 جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20 ستمبر 2026 کو ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ سیکیورٹی فورسز نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے 8 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
اس شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران فرنٹ سے اپنے دستوں کی قیادت کرنے والے دو بہادر افسران نے بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔ شہداء میں کیپٹن ابوذر فاروق (عمر: 23 سال، رہائشی ضلع گوجرانوالہ) اور لیفٹیننٹ شیراز بابر (عمر: 22 سال، رہائشی ضلع چکوال) شامل ہیں، جو اپنے 4 دیگر جوانوں کے ہمراہ راہِ حق میں شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں کسی بھی مزید بھارتی سرپرست یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کے وژن “عزمِ استحکام” کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی کی یہ مہم ملک سے غیرملکی سرپرستی اور معاونت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھڑنے تک پوری رفتار سے جاری رہے گی۔ ہمارے بہادر فوجیوں کی یہ قربانیاں وطن کی حفاظت کے لیے ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 8 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے فتنۃ الخوارج کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن ابوذر فاروق، لیفٹیننٹ شیراز بابر اور چاروں جوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ شہید افسران اور جوانوں نے وطن عزیز کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال شجاعت کا مظاہرہ کیا۔ شہداء نے قوم کے مستقبل اور ملکی سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور پوری قوم اپنے بہادر شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی شہداء کے درجات بلند کرے اور اہل خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک فتنۃ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی، اور آپریشن “عزمِ استحکام” کے تحت ملک سے اس ناسور کو پوری قوت سے ختم کیا جائے گا۔
