حکومت نے کوئی یقین دہانی کروائی تو لانگ مارچ ملتان میں ہی روکا جا سکتا ہے ، ترجمان جماعتِ اسلامی
احسن اقبال اور رانا ثنا اللہ جماعت اسلامی کے ساتھ رابطے میں ہیں، شکیل ترابی
فائل فوٹو
لاہور: ترجمان جماعتِ اسلامی کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے پیٹرولیم لیوی سے متعلق کوئی یقین دہانی کروائی تو لانگ مارچ کو ان میں روکا جا سکتا ہے۔
سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی شکیل ترابی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی وزرا نے لانگ مارچ ایک ماہ تک ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی جسے جماعتِ اسلامی نے قبول نہیں کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ احسن اقبال اور رانا ثنا اللہ جماعت اسلامی کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
شکیل ترابی کے مطابق حکومتی وزرا نے کہا ہے کہ امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی امریکہ میں موجود وزیرِ اعظم شہباز شریف سے آج ٹیلی فون پر بات کروائی جا سکتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر وزیرِ اعظم کی طرف سے کوئی یقین دہانی کروائی گئی تو لانگ مارچ جو اس وقت ملتان پہنچنے والا ہے، کو وہیں پر اس مدت کے لیے روک دیا جائے گا جب تک وزیر اعظم کی طرف سے لیوی کم یا ختم کرنے کے لیے دی جانے والی ڈیڈ لائن گزر نہیں جاتی۔
جماعت اسلامی کے سیکریٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت کو خدشہ ہے کہ اگر اسلام آباد میں جماعت اسلامی کا دھرنا طویل ہو گیا تو یہ نہ ہو جماعتِ اسلامی اور پاکستان تحریک انصاف آپس میں مل جائیں تو حکومت کے لیے اس صورتحال کو کنٹرول کرنا مشکل ہوسکتا ہے ۔
انھوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کی قیادت نے انھیں یقین دہانی کروائی تھی کہ دونوں جماعتوں کے مطالبات الگ الگ ہیں تاہم دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے موقف کی حمایت کرتی ہیں۔