آزاد کشمیر میں بھی پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈائون،سابق اپوزیشن لیڈر سمیت 15کارکن گرفتار
پی ٹی آئی کے مطابق کارروائی اس وقت کی گئی جب اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال کے حوالے سے مشاورتی اجلاس جاری تھا۔
فائل فوٹو
مظفر آباد:آزاد کشمیر میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران سابق اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق سمیت 15 کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا ۔
آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں خواجہ فاروق احمد کی رہائش گاہ پر پولیس نے چھاپہ مار کر انھیں اور متعدد پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔
ڈی ایس پی اشتیاق گیلانی نے گرفتاریوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کارروائی کے دوران پی ٹی آئی سے وابستہ 15 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ان کے مطابق پولیس کارروائی کے دوران خواجہ فاروق احمد سمیت اجلاس میں شریک متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا گیا۔
پی ٹی آئی کے مطابق کارروائی اس وقت کی گئی جب خواجہ فاروق احمد کی رہائش گاہ پر 27 ستمبر کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے دی گئی احتجاج اور اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال کے حوالے سے مشاورتی اجلاس جاری تھا۔
پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری جنرل میر عتیق نے بتایا کہ سابق اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد سمیت تقریباً 15 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اُنھوں نے خواجہ فاروق احمد کی رہائش گاہ پر جاری مشاورتی اجلاس کے دوران گرفتاریوں کی مذمت کی۔