محسن نقوی کی تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور ہم منصب سکندر مومنی سے ملاقات

پاک ایران دوطرفہ تعلقات، بارڈر مینجمنٹ اور خطے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

September 22, 2026 · اہم خبریں, قومی

تہران:وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے اعلیٰ سطح کی اہم ملاقاتیں کی ہیں، جن میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات، بارڈر مینجمنٹ اور خطے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

تہران پہنچنے پر ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے محسن نقوی کا استقبال کیا۔ بعد ازاں ہونے والی باضابطہ ملاقات میں دونوں وزرائے داخلہ نے دوطرفہ سیکورٹی تعاون، باہمی دلچسپی کے امور اور وزارت داخلہ کے سطح پر جاری مختلف شعبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر ایرانی وزیر داخلہ نے خطے میں امن و امان کے قیام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور اپنے حالیہ دورہ پاکستان کو انتہائی مفید قرار دیا۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دیرینہ تعلقات آنے والے دنوں میں مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔

محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے، بارڈر سیکیورٹی اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ محسن نقوی نے پاکستان کے لیے ایرانی قیادت کی خیر سگالی کے جذبات کا خیرمقدم کیا۔