میر رضا کیس میں نیا موڑ، ڈاکٹر سمیعہ اور اسامہ کی آڈیو لیک
اہم پیش رفت، مبینہ گفتگو منظر عام پر آگئی، تحقیقاتی عمل میں ہلچل مچ گئی
میر رضا کیس میں مبینہ آڈیو لیک کے پس منظر میں زیر بحث ڈاکٹر سمیعہ، ڈاکٹر اسامہ اور مقتول میر رضا کی تصاویر
میر رضا قتل کیس نے اس وقت ایک نیا اور ڈرامائی رخ اختیار کر لیا جب پولیس سرجن ڈاکٹر سمیعہ اور میڈیکو لیگل آفیسر (ایم ایل او) ڈاکٹر اسامہ کے درمیان ہونے والی مبینہ آڈیو گفتگو منظر عام پر آ گئی۔ اس آڈیو نے پوسٹ مارٹم رپورٹس کی تیاری اور طبی عملے کی مبینہ اندرونی کہانی کو بے نقاب کرتے ہوئے تحقیقاتی اداروں اور جوڈیشل کمیشن کے سامنے نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
دستاویزات اور آڈیو ریکارڈنگ کے مطابق، ڈاکٹر اسامہ مبینہ طور پر ڈاکٹر سمیعہ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ “”بس ٹھیک ہے میڈم! مجھے یہ بتائیں کل کب آپ کے پاس آؤں تاکہ شیڈول کرلوں””۔ جس کے جواب میں ڈاکٹر سمیعہ کہتی ہیں کہ “”تم نکل جاؤ گے، اس (کیس) میں سے، فکر نہیں کرو بلکہ تم نکل گئے ہو اور یہ لڑائی میری ہے بس۔””۔ یہ مبینہ گفتگو میر رضا کے پوسٹ مارٹم اور اس کی ابتدائی طبی رپورٹ کے تناظر میں سامنے آئی ہے، جس میں ڈاکٹر اسامہ نے پہلا پوسٹ مارٹم انجام دیا تھا۔ ماہرین کے مطابق یہ آڈیو ایسے حساس وقت پر سامنے آئی ہے جب جوڈیشل کمیشن اور تحقیقاتی ادارے رپورٹس میں تضاد، ابتدائی خامیوں اور دباؤ کے عوامل کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں، اور اس اہم شواہد کو باضابطہ طور پر تحقیقات کا حصہ بنایا جا سکتا ہے۔
اس آڈیو لیک سے یہ بات بھی عیاں ہوتی ہے کہ اہم نوعیت کے سنگین مقدمات میں پوسٹ مارٹم رپورٹس اور ضابطے کی کارروائی کے دوران مبینہ طور پر باہمی مشاورت اور بچاؤ کے فارمولے طے کیے جاتے ہیں، جو پورے طبی اور قانونی نظام کی شفافیت کو شدید مشکوک بناتے ہیں۔ اس گفتگو کے سامنے آنے کے بعد اب ڈاکٹر سمیعہ اور ڈاکٹر اسامہ کے لیے متعلقہ کمیشن اور حکام کے سامنے اس امر کی وضاحت کرنا انتہائی مشکل ہو جائے گا کہ آیا رپورٹس پر اثر انداز ہونے کے لیے کوئی دباؤ کارفرما تھا یا یہ کسی خاص مقصد کے تحت کیا گیا۔
دوسری جانب، مقتول میر رضا کے اہل خانہ اور ان کی قانونی ٹیم کے لیے یہ آڈیو لیک ایک مضبوط ثبوت کی حیثیت رکھتی ہے، جو اس دیرینہ مؤقف کو تقویت دیتی ہے کہ ابتدائی مراحل میں شواہد اور میڈیکل رپورٹس کو جان بوجھ کر متنازع یا کمزور بنانے کی کوشش کی گئی۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس پیش رفت کے بعد مقدمے میں نامزد دیگر کرداروں کی قانونی مشکلات میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے اور کیس کے حتمی نتائج پر اس کے گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔