پشاور اسلام آباد موٹروے اور ہزارہ موٹروے بند- کنٹینرز لگ گئے
راولپنڈی کوہاٹ روڈ بھی خوشحال گڑھ سے بند- اسلام اباد میں کاک پل پر کنٹینر نصب
اسلام آباد اور پشاور کے درمیان سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سڑکوں پر کنٹینرز کی تنصیب اور پولیس اہلکار تعینات ہیں۔
پی ٹی ائی کے متوقع لانگ مارچ کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اور اہم شاہراہوں کو بند کرنے کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے۔ پشاور اسلام آباد موٹروے اور ہزارہ موٹروے کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے جبکہ راستوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کے لیے بھاری ٹرالر اور کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق موٹر وے ایم ون کو 6 مختلف مقامات سے بند کیا گیا ہے۔ پشاور موٹر وے ہارون انٹر چینج اور ہزارہ موٹر وے برہان انٹر چینج سے ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ موٹر وے ایم ون اسلام آباد ٹول پلازہ تا چھچھ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے معطل ہے اور بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے ان راستوں پر ہیوی ٹرالر کھڑے کر دیے گئے ہیں۔
علاوه ازیں، راولپنڈی کوہاٹ روڈ کو بھی خوشحال گڑھ کے مقام پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ آنے والی تاریخوں خصوصاً 26 اور 27 ستمبر کے تناظر میں سکیورٹی انتظامات کو سخت کرتے ہوئے راستوں کو سیل کرنے کی تیاریاں عروج پر ہیں۔ اسلام آباد ہائی وے پر کاک پل کے مقام پر کرین کی مدد سے بڑے کنٹینرز رکھے جا رہے ہیں، جو روات ٹی چوک سے آگے ایک انتہائی اہم مقام ہے جہاں سے راولپنڈی اور آزاد کشمیر جانے والا راستہ بھی ملتا ہے۔
دوسری جانب، ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں موبائل فون سروس عارضی طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو 26 اور 27 ستمبر کو نافذ العمل ہوگا۔ سکیورٹی اقدامات کے پیش نظر گڈ ٹرانسپورٹرز کونسل نے بھی کراچی سے اسلام آباد کے لیے سامان کی ترسیل معطل کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ تمام اقدامات امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے اٹھائے جا رہے ہیں۔