معروف اداکارہ میرا نے کینسر میں مبتلا بہن کی عیادت کیلئے برطانوی ویزا مانگ لیا

انسانی ہمدردی کی اپیل، بہن کی حالت نازک ہے، فوری سفری اجازت دی جائے

September 24, 2026 · اہم خبریں
معروف اداکارہ میرا جنھوں نے برطانوی حکومت سے ویزا جاری کرنے کی اپیل کی ہے۔

معروف اداکارہ میرا جنھوں نے برطانوی حکومت سے ویزا جاری کرنے کی اپیل کی ہے۔

معروف پاکستانی اداکارہ میرا نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انہیں فوری طور پر برطانوی ویزا جاری کرے تاکہ وہ لندن میں کینسر کے موذی مرض میں مبتلا اپنی بہن کی عیادت کے لیے جا سکیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو پیغام میں اداکارہ نے برطانوی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان و لندن میں موجود سرکاری شخصیات سے براہِ راست اپیل کی ہے کہ وہ ان کے حالات کا ادراک کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی بہن شائستہ عباس لندن میں مقیم ہیں جو کینسر کے آخری مرحلے سے گزر رہی ہیں اور ان کی طبیعت انتہائی نازک ہے۔

میرا نے نیویارک سے جاری کردہ اپنے بیان میں بتایا کہ ان کی والدہ شفقت زہرا بخاری اور چھوٹا بھائی سعید حسین عباس پہلے ہی لندن میں موجود ہیں۔ انہوں نے برطانوی وزیراعظم، سیکرٹری خارجہ اور پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے بھی التجا کی ہے کہ اس مشکل گھڑی میں ان کے معاملے کو خصوصی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ وہ لندن پہنچ کر اپنے اہلِ خانہ کا ساتھ دے سکیں۔

رپورٹس کے مطابق اس سے قبل بھی میرا کو برطانیہ کا سفر کرنے کے لیے ویزا کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم اس بار انہوں نے خاندانی مجبوری اور انسانی ہمدردی کے تحت فوری ویزا جاری کرنے پر زور دیا ہے۔