پی ٹی آئی احتجاج پر موٹرویز کی بندش، خیبرپختونخوا کا پنجاب سے زمینی رابطہ منقطع

بین الصوبائی راستے سیل، اشیائے خورونوش کی ترسیل رک گئی، پیٹرول کی قلت کا شدید خدشہ پیدا ہوگیا

September 24, 2026 · اہم خبریں
خیبرپختونخوا اور پنجاب کے درمیان زمینی راستے بند ہونے کے بعد کا ایک منظر

خیبرپختونخوا اور پنجاب کے درمیان زمینی راستے بند ہونے کے بعد کا ایک منظر

پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر پنجاب حکومت کی جانب سے موٹرویز اور اہم شاہراہوں کی بندش کے باعث خیبرپختونخوا کا پنجاب سے زمینی رابطہ مکمل طور پر منقطع ہو گیا ہے۔ ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق موٹرویز بند ہونے سے لوگوں کی آمد و رفت معطل ہو کر رہ گئی ہے جبکہ اشیائے خورونوش، ادویات اور دیگر ضروری سامان کی ترسیل بھی رک گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق جی ٹی روڈ، کوہاٹ میں خوشحال گڑھ، ڈیرہ اسماعیل خان، ہری پور اور گلیات سمیت پنجاب کو جانے والے تمام داخلی و خارجی راستوں پر کنٹینرز کھڑے کرکے انہیں بند کر دیا گیا ہے۔ راستے بند ہونے کے نتیجے میں بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ لاری اڈوں پر ہی کھڑی ہے اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

راستوں کی طویل بندش کے باعث صوبے میں سبزیوں، ادویات اور کھانے پینے کی دیگر اشیاء کی رسد معطل ہو گئی ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل رک جانے سے صوبے میں پیٹرول کی قلت کا بھی شدید خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ متاثرہ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹ کو فوری طور پر نقل و حرکت کی اجازت دی جائے تاکہ صوبے میں غذائی بحران اور اشیائے ضروریہ کی قلت سے بچا جا سکے۔