پی ٹی آئی لانگ مارچ کئی ہفتے طویل کرنے کی تجویز
اسلام آباد میں داخلے کے بجائے شہر سے باہر رکنے پر غور- حتمی فیصلہ جمعہ متوقع
پی ٹی آئی لانگ مارچ کئی ہفتے طویل کرنے کی تجویز
پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے مجوزہ لانگ مارچ کا تفصیلی خاکہ سامنے آ گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق تحریک تحفظ آئین پاکستان نے لانگ مارچ کو صرف چند روز کے بجائے کئی ہفتے تک جاری رکھنے کی تجویز دی ہے۔ اس طویل مدتی احتجاجی سلسلے میں گاڑیوں، موٹرسائیکلوں اور دیگر سواریوں کے ساتھ ساتھ پیدل قافلے بھی شامل ہوں گے۔
حکمت عملی کے مطابق، اسلام آباد میں فوری طور پر داخل ہونے کے بجائے ملک بھر سے آنے والے قافلوں کو شہر کے باہر ہی روکے رکھنے اور انتظار کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس دوران احتجاج کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایک کل جماعتی کانفرنس بلانے کا بھی عندیہ دیا گیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اس لانگ مارچ کے دوران اسیران کی رہائی، ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے مطالبات سر فہرست ہوں گے۔ لانگ مارچ کی اس حتمی حکمت عملی اور تمام آپشنز کا حتمی فیصلہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے کیا جائے گا، جس کا باضابطہ اعلان جمعہ کو متوقع ہے۔ پی ٹی آئی کی قیادت موجودہ صورتحال کے پیش نظر اس احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے تمام ممکنہ عزم پر غور کر رہی ہے۔