نیتن یاہو کے طیارے کو فضائی حدود کی اجازت، ایمنسٹی نے فرانس پر سوال اٹھا دیے
غزہ میں ہونے والی صورتحال کے بعد فرانس کی جانب سے ایسے اقدامات پر خاموشی اختیار کرنے سے اس کی بین الاقوامی ساکھ کس حد تک متاثر ہوتی ہے۔
نیتن یاہو کے طیارے کو فضائی حدود کی اجازت، ایمنسٹی نے فرانس پر سوال اٹھا دیے
پیرس: ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے طیارے کو فرانسیسی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دینے پر فرانس کے مؤقف پر سوالات اٹھاتے ہوئے دوہرے معیار کا الزام عائد کیا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق ایک طرف فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں بین الاقوامی قوانین کی پاس داری کی ضرورت پر زور دیتے ہیں، جبکہ دوسری جانب نیتن یاہو کے طیارے کو فرانسیسی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔
تنظیم نے اپنے بیان میں نیتن یاہو پر غزہ جنگ کے حوالے سے انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے فرانس کے اس اقدام پر سوال اٹھایا۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے سوال کیا کہ اگر فرانس ایسے اسرائیلی وزیراعظم کے طیارے کو اپنی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت دیتا ہے جس پر بین الاقوامی سطح پر سنگین الزامات عائد کیے جا رہے ہیں تو کیا یہ مجرموں کو احتساب سے بچنے میں مدد دینے کے مترادف نہیں؟
تنظیم نے مزید سوال اٹھایا کہ غزہ میں ہونے والی صورتحال کے بعد فرانس کی جانب سے ایسے اقدامات پر خاموشی اختیار کرنے سے اس کی بین الاقوامی ساکھ کس حد تک متاثر ہوتی ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مؤقف کے مطابق بین الاقوامی قانون کی پاس داری کے دعووں کے ساتھ عملی اقدامات میں بھی یکساں اصولوں کا اطلاق ہونا چاہیے۔