امریکا نے شام کے 36 چوری شدہ نوادرات واپس کردیئے
مجموعی مالیت 50 لاکھ ڈالر سے زیادہ ہے۔ میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ سمیت مختلف امریکی نوادرات جمع کرنے والوں سے ضبط کیے گئے تھے۔
امریکا نے شام کے 36 چوری شدہ نوادرات واپس کردیئے
نیویارک: امریکی حکام نے شام کے 36 چوری شدہ نوادرات واپس کرنے کا اعلان کردیا ہے، جن میں قدیم شہر پالمیرا سے تعلق رکھنے والا ایک سنگی مجسمہ بھی شامل ہے۔
امریکی حکام کے مطابق ان نوادرات کی مجموعی مالیت 50 لاکھ ڈالر سے زیادہ ہے۔ یہ نوادرات نیویارک کے میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ سمیت مختلف امریکی نوادرات جمع کرنے والوں سے ضبط کیے گئے تھے۔
واپس کیے جانے والے نوادرات میں پالمیرا کا ایک تاریخی سنگی مجسمہ بھی شامل ہے، جو داعش کی جانب سے قدیم شہر میں تباہی کے دوران وہاں سے غیر قانونی طور پر نکالا گیا تھا۔
حکام کے مطابق یہ مجسمہ یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل قدیم شہر پالمیرا سے 2015 سے 2017 کے دوران نکالا گیا۔ 450 کلوگرام سے زیادہ وزنی چونے کے پتھر سے بنے اس مجسمے میں ایک لیٹے ہوئے مرد کے گرد ایک خاتون اور تین بچوں کو دکھایا گیا ہے۔
مین ہٹن کے ڈسٹرکٹ اٹارنی ایلون بریگ نے کہا کہ نوادرات کی واپسی کی تقریبات اس بات کی اہم یاد دہانی ہیں کہ ثقافتی ورثے کا تحفظ کسی سرحد یا قومیت تک محدود نہیں۔
واشنگٹن میں شام کے ناظم الامور محمد کناتری نے کہا کہ نوادرات کی واپسی دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے تعاون اور مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ ان کے مطابق شامی اور امریکی تعاون سے شام کی تاریخ کا ایک حصہ دوبارہ وطن واپس پہنچ رہا ہے۔
حکام کے مطابق واپس کیے گئے نوادرات میں سے چار امریکی نوادرات جمع کرنے والے مائیکل اسٹائن ہارٹ سے حاصل کیے گئے تھے۔ انہوں نے 2021 میں امریکی حکومت کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت دنیا کے مختلف علاقوں سے چوری کیے گئے تقریباً 180 نوادرات واپس کیے تھے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 7 کروڑ ڈالر تھی۔
مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر کے مطابق میٹروپولیٹن میوزیم آف آرٹ سے ضبط کیے گئے 13 نوادرات بھی اس واپسی میں شامل ہیں۔ دفتر کا کہنا ہے کہ 2017 سے اب تک میوزیم سے 402 نوادرات تحویل میں لیے جا چکے ہیں، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 9 کروڑ 87 لاکھ ڈالر ہے۔
امریکا اس سے قبل بھی چین، یونان اور اٹلی سمیت مختلف ممالک کو چوری یا لوٹے گئے نوادرات واپس کرچکا ہے۔