مانسہرہ میں بارش کے دوران نالے میں بہہ کرماں بیٹی جاں بحق

اکبر خان روڈ پر سیوریج کا نظام درہم برہم، 10 گھنٹے بعد بچی کی نعش برآمد

September 25, 2026 · قومی

مانسہرہ میں تیز بارش کے باعث اکبر خان روڈ پر نالے میں بہہ جانے والی ماں اور 13 سالہ بیٹی کی لاشیں برآمد کر لی گئیں۔

تیز بارش اور ژالہ باری کے باعث شہر کے وسط میں اکبر خان روڈ پر نالے میں گر کر ماں اور بیٹی جاں بحق ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق بارش کے باعث سیوریج کا نظام درہم برہم ہوگیا تھا کہ اکبر خان روڈ پر ماں بیٹی نالے میں بہہ گئیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور مقامی افراد نے تلاش کا سلسلہ شروع کیا۔

رات گئے خاتون کی لاش لاری اڈہ کے مقام سے برآمد کر لی گئی، جسے ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر کنگ عبداللہ ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا۔ جبکہ بچی کی نعش 10 گھنٹے کے طویل سرچ آپریشن کے بعد بھیرکنڈ کے مقام سے ملی، جسے کنگ عبداللہ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

خاتون کی شناخت زوجہ محمد وسیم، سکنہ محلہ سائیں آباد مانسہرہ، کے نام سے ہوئی جبکہ بیٹی کی عمر 13 سال تھی۔