لانگ مارچ کی قیادت اور تمام حتمی فیصلے کا اختیار وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے پاس ہے، بیرسٹر گوہر
اہم سیاسی بیان، لانگ مارچ سے متعلق دو رائے نہیں، مشاورت کا عمل جاری رہے گا
بیرسٹر گوہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بانی چیئرمین عمران خان نے لانگ مارچ کا تمام تر اختیار وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو سونپ دیا ہے اور لانگ مارچ سے متعلق جو بھی حتمی فیصلہ ہوگا، اس سے وہی باضابطہ طور پر آگاہ کریں گے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران ملکی مجموعی سیاسی صورتحال اور پارٹی کی آئندہ کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ لانگ مارچ کے معاملے پر پارٹی کے اندر کوئی اختلاف یا دو رائے موجود نہیں ہے۔
بیرسٹر گوہر نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی ایک جمہوری اور سیاسی جماعت ہے جو تمام فیصلے باہمی اتفاق رائے اور مشاورت سے کرتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اتحادی اور اپوزیشن رہنماؤں علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اور محمود اچکزئی کو بھی تمام اہم پارٹی معاملات سے باقاعدگی سے اعتماد میں لیا جاتا ہے اور ان کی سیاسی بصیرت کا مکمل احترام کیا جاتا ہے۔