چین کی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی حمایت خوش آئند ہے،ایرانی صدر

ایران اختلافات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی ذرائع کو ترجیح دیتا ہے اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی طرف واپسی کو اہم سمجھتا ہے۔

September 26, 2026 · بام دنیا
چین کی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی حمایت خوش آئند ہے،ایرانی صدر

چین کی اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی حمایت خوش آئند ہے،ایرانی صدر

تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی بحالی کے لیے چینی صدر شی جن پنگ کی حمایت کا خیر مقدم کیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اختلافات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارتی ذرائع کو ترجیح دیتا ہے اور اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی طرف واپسی کو اہم سمجھتا ہے۔

ایرانی صدر نے چینی صدر کی جانب سے مفاہمتی عمل کی حمایت کو دانش مندانہ اور ذمہ دارانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران بھی اسی مؤقف کی حمایت کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے سے کیے گئے وعدوں اور معاہدوں کی پاسداری ضروری ہے، جبکہ سنجیدہ اور نتیجہ خیز مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا بھی اہم ہے۔

مسعود پزشکیان کے مطابق خودمختاری کے احترام، کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن و استحکام کے قیام سے متعلق ایران اور چین کے مؤقف میں ہم آہنگی موجود ہے، جو مستقبل میں تعمیری تعاون کی بنیاد بن سکتی ہے۔

اس سے قبل چینی صدر شی جن پنگ نے وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کی طرف واپسی کی حمایت کا اظہار کیا تھا۔

واضح رہے کہ رواں سال جون میں پاکستان کی ثالثی سے امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں مفاہمتی یادداشت پر اتفاق ہوا تھا۔