ٹرمپ کی سابق وکیل الینا حبہ ترک ارب پتی سے شادی کریں گی

42 سالہ الینا حبہ اور 29 سالہ ترہان ملدون ہفتے کے روز ایک نجی تقریب میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گے، تاہم شادی کی جگہ کو خفیہ رکھا گیا ہے

September 26, 2026 · بام دنیا
ٹرمپ کی سابق وکیل الینا حبہ ترک ارب پتی سے شادی کریں گی

ٹرمپ کی سابق وکیل الینا حبہ ترک ارب پتی سے شادی کریں گی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سابق ذاتی وکیل اور نیو جرسی کی قائم مقام وفاقی اٹارنی رہنے والی الینا حبہ ترک کاروباری شخصیت ترہان ملدون کے ساتھ شادی کرنے جا رہی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 42 سالہ الینا حبہ اور 29 سالہ ترہان ملدون ہفتے کے روز ایک نجی تقریب میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوں گے، تاہم شادی کی جگہ کو خفیہ رکھا گیا ہے۔

دونوں کی پہلی ملاقات رواں سال واشنگٹن میں کینیڈی سینٹر کی ایک تقریب کے دوران ہوئی تھی۔ بعد میں اپریل میں وائٹ ہاؤس کرسپانڈنٹس ڈنر کے موقع پر دونوں کو پہلی مرتبہ ایک ساتھ عوامی سطح پر دیکھا گیا، جبکہ بعد ازاں واشنگٹن ڈی سی کے ایک نجی کلب میں بھی دونوں کی موجودگی سامنے آئی۔

ترہان ملدون ترکیہ کے معروف کاروباری گروپ ملر ہولڈنگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیں۔ یہ کاروباری ادارہ ان کے دادا نے 1967 میں قائم کیا تھا اور توانائی، تعمیرات اور کان کنی سمیت مختلف شعبوں میں سرگرم ہے۔

الینا حبہ 2021 میں ڈونلڈ ٹرمپ کی ذاتی وکیل کی حیثیت سے نمایاں ہوئیں۔ گزشتہ سال وہ مختصر عرصے کے لیے وائٹ ہاؤس میں صدر کی مشیر بھی رہیں، جس کے بعد انہیں نیو جرسی کے امریکی اٹارنی دفتر کی سربراہ مقرر کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق الینا حبہ کی یہ تیسری شادی ہوگی۔ ان کی پہلی شادی وکیل میتھیو ایئٹ سے ہوئی تھی، جن سے 2019 میں طلاق ہوگئی، جبکہ بعد میں گریگ روبن سے بھی ان کی شادی ختم ہوگئی۔ ترہان ملدون بھی اس سے قبل شادی شدہ رہ چکے ہیں۔