ایران کا آبنائے ہرمز میں امریکی جاسوس آبدوز پکڑنے کا دعویٰ
حساس آبی گزرگاہ میں کارروائی، پاسداران انقلاب کا دعویٰ، جاسوس ڈرون قبضے میں لے لیا گیا۔
ایرانی بحریہ کی جانب سے آبنائے ہرمز سے پکڑی جانے والی امریکی جاسوس آبدوز کا منظر
ایران کی پاسدارانِ انقلاب فورس نے اہم بحری گزرگاہ آبنائے ہرمز میں کارروائی کرتے ہوئے ایک امریکی جاسوس آبدوز کو پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق یہ بغیر پائلٹ والی جاسوس آبدوز آبنائے ہرمز کے آبی حدود سے قبضے میں لی گئی ہے۔
ایرانی بحریہ کی انٹیلی جنس کارروائی کے دوران یو ایس ریموس 600 وہیکل کو تحویل میں لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق یہ امریکی آبدوز آبنائے ہرمز میں خفیہ اور جاسوسی کی سرگرمیوں میں سرگرمِ عمل تھی۔ پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ امریکی زیرِ آب ڈرون کو ایک مربوط اور انتہائی پیچیدہ کارروائی کے ذریعے روکا گیا، جس میں جدید انٹیلی جنس صلاحیتوں اور الیکٹرانک وارفیئر کا بھرپور استعمال کیا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کا کہنا ہے کہ امریکی ڈرون کو جاسوسی کی غرض سے اس اہم مقام پر سرگرم پایا گیا تھا، جو اب ایرانی ماہرین کے قبضے میں ہے۔ ماہرین اس سے حاصل ہونے والا ڈیٹا اور دیگر معلومات کا سنجیدگی سے جائزہ لے رہے ہیں۔
ایرانی بحریہ نے مزید دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں سیکیورٹی سخت ہے اور وہ اس انتہائی اہم آبی گزرگاہ میں کسی بھی قسم کی خطرناک سرگرمیوں، غیر مجاز نقل و حرکت اور اصولوں کے خلاف ورزی کرنے والے بحری جہازوں کے خلاف مسلسل اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔