پی آئی اے کے فضائی میزبانوں پر سگریٹ لے جانے پر نئی پابندی عائد، سخت کارروائی کی تنبیہ
اہم ہدایات جاری، خلاف ورزی پر سخت کارروائی، سرکلر موصول ہوگیا۔
پی آئی اے کے طیارے کی پرواز کے دوران لی گئی ایک تصویر۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی انتظامیہ نے فضائی میزبانوں پر فلائنگ ڈیوٹی کے دوران سگریٹ لے جانے کے حوالے سے نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں اور قواعد کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی تنبیہ جاری کی گئی ہے۔
نئے جاری کردہ سرکلر کے مطابق فضائی میزبانوں کو دوران سفر اور فلائنگ ڈیوٹی صرف ایک سگریٹ کا پیکٹ ساتھ رکھنے کی اجازت ہوگی۔ دستاویزات اور سرکلر کے متن کے مطابق کوئی بھی فضائی میزبان دوران ٹریول 20 سے زائد سگریٹ یا ایک سے زیادہ پیکٹ اپنے ہمراہ نہیں لے جا سکے گا، اور اس حد سے تجاوز کرنے پر سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پی آئی اے کے اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ نئی ہدایات کی خلاف ورزی کی صورت میں ملوث فضائی میزبانوں کو فوری طور پر معطل کیا جا سکتا ہے اور فلائنگ ڈیوٹی سے بھی ہٹایا جا سکتا ہے۔ اس ضمن میں انتظامیہ نے تمام متعلقہ عملے کو جہاز پر روانگی سے قبل دی جانے والی بریفنگز میں اس پالیسی سے باقاعدہ آگاہی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ احکامات پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ یہ فیصلہ حال ہی میں پیش آنے والے ایک واقعے کے بعد سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کچھ روز قبل ملتان سے جدہ جانے والی ایک پرواز کے عملے میں شامل 5 فضائی میزبانوں سے بڑی تعداد میں سگریٹ کے پیکٹس برآمد ہوئے تھے، جس کے بعد پی آئی اے کے شعبہ انسانی وسائل (ایچ آر) میں ان پانچوں فضائی میزبانوں کے خلاف باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا تھا جو تاحال جاری ہیں۔