مطالبات پورے نہ ہونے پر جماعت اسلامی نے سپر لانگ مارچ کی دھمکی دے دی

کراچی سمیت پورے پاکستان میں احتجاجی کیمپ قائم ہیں ٗکروڑوں عوامی محضر ناموں کے ساتھ اسلام آباد کی جانب مارچ کیا جائے گاٗ

September 27, 2026 · اہم خبریں
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نارتھ ناظم آباد میں احتجاجی کیمپ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں۔

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نارتھ ناظم آباد میں احتجاجی کیمپ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے واضح کیا ہے کہ پیٹرولیم لیوی، مہنگی بجلی، آئی پی پیز کے معاہدوں اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی تحریک بدستور جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے احتجاجی تحریک ختم نہیں بلکہ موخر کی ہے، اور اگر حکومت نے عوام کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو ملتان سے ہی سپر لانگ مارچ شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی سمیت پورے ملک میں احتجاجی کیمپ قائم کیے گئے ہیں اور کروڑوں محضر ناموں پر عوام کی رائے کے ساتھ اسلام آباد کی جانب مارچ کیا جائے گا۔ جماعت اسلامی کا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے بلکہ ہماری جدوجہد صرف اور صرف عوام کے حقوق کے لیے ہے۔

نارتھ ناظم آباد 5 اسٹار چورنگی پر قائم احتجاجی کیمپ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ملک کو مختلف شعبوں میں موجود مافیاز سے نجات دلانے کے لیے عوام کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اپیل کی کہ جماعت اسلامی کے کارکنان محضرنامہ لے کر گلی گلی اور بازاروں میں جائیں، عوام کو موجودہ مسائل سے آگاہ کریں اور ان سے مطالبات کے حق میں محضرنامہ پُر کروائیں۔ جب عوام اپنے حقوق کے لیے متحد ہوں گے تو حکمرانوں کو عوامی مطالبات تسلیم کرنا ہی پڑیں گے۔

جماعت اسلامی کے قائد نے مطالبات دہراتے ہوئے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی کا مکمل خاتمہ کیا جائے، آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں پر نظرثانی کی جائے، بجلی کی قیمتیں کم کی جائیں اور مہنگائی کا بوجھ عام آدمی پر ڈالنے کے بجائے حکمران طبقہ اور اشرافیہ اپنے اخراجات میں کمی لائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان جب بیرون ملک کے دورے سے واپس آئیں گے تو ان سے اس حوالے سے دوٹوک بات کی جائے گی۔ اگر مطالبات تسلیم کرلیے گئے تو مسئلہ حل ہوجائے گا، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کرتے ہوئے ملتان سے سپر لانگ مارچ کا آغاز کیا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمن نے تاجر برادری بالخصوص کراچی کے تاجروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے 3 ستمبر کی ہڑتال کی بھرپور حمایت کی اور عوامی مسائل کے خلاف آواز بلند کی۔ انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں آئی پی پیز مافیا، آٹا مافیا، چینی مافیا اور بینکنگ نظام سے وابستہ مفادات سمیت مختلف مافیاز سرگرم ہیں لیکن حکمران ایک دوسرے کے مفادات کا تحفظ کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ بجٹ میں عوام پر اربوں روپے کے ٹیکسز کا بوجھ ڈالا گیا ہے اور تقریباً 80 روپے فی لیٹر لیوی کے نام پر وصول کیے جا رہے ہیں، جنہیں فوری طور پر ختم کیا جانا چاہیے۔