پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا کی عالمی کرکٹ میں دھوم، سپر 60 لیگ کھیلنے کینیڈا پہنچ گئیں
اہم پیش رفت، کینیڈین لیگ میں شرکت، این او سی جاری کر دیا گیا
قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کینیڈا سپر 60 لیگ میں وینکوور اینکرز کی نمائندگی کریں گی۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا کینیڈا سپر 60 لیگ کے دوسرے سیزن میں شرکت کے لیے کینیڈا پہنچ گئی ہیں۔ ذرائع اور دستیاب تفصیلات کے مطابق قومی ویمن ٹیم کی اس وقت کوئی بین الاقوامی مصروفیات نہ ہونے کے باعث انہیں کینیڈا سپر 60 لیگ کے لیے باضابطہ طور پر این او سی جاری کیا گیا ہے، جس کے بعد وہ اس اہم ایونٹ کا حصہ بننے کے لیے کینیڈا روانہ ہوئیں۔
دستاویزات اور دستیاب معلومات کے مطابق رواں سال ہونے والے کینیڈا سپر 60 کے اس ایڈیشن میں فاطمہ ثنا ’وینکوور اینکرز‘ کی نمائندگی کریں گی۔ کینیڈین ٹی 10 لیگ کا دوسرا سیزن 29 ستمبر سے 4 اکتوبر تک کھیلا جائے گا، جس میں دنیائے کرکٹ کی نامور کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا انگلش ویمنز لیگ ’دی ہنڈرڈ‘ میں شرکت کر چکی ہیں جہاں انہوں نے اپنی شاندار صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا۔ کینیڈا سپر 60 لیگ میں ان کی شمولیت کو پاکستانی ویمن کرکٹ کے لیے ایک اور بڑا اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔