موجودہ حالات میں خیبر پختونخوا اسلام آباد پر چڑھائی کا متحمل نہیں ہوسکتا، گورنر

سیکیورٹی صورتحال کا حوالہ، لانگ مارچ کی کال واپس لی جائے، فیصل کریم کنڈی کا مطالبہ ہوگا۔

September 27, 2026 · اہم خبریں
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں۔

پشاور (نیوز ڈیسک) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پاکستان تحریک انصاف کی قیادت اور وزیراعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسلام آباد کے لیے دی جانے والی لانگ مارچ کی کال فوری طور پر واپس لیں۔

گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا اس وقت دہشت گردی کی شدید لپیٹ میں ہے اور آئے روز سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے جنازے اٹھائے جا رہے ہیں۔ ایسے انتہائی نازک حالات میں صوبہ کسی بھی قسم کے سیاسی انتشار یا اسلام آباد پر چڑھائی کا ہرگز متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور پی ٹی آئی قیادت کو مشورہ دیا کہ صوبے کے وسیع تر مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے مارچ کا فیصلہ واپس لیا جائے اور تمام سیاسی جماعتیں و سیکیورٹی ادارے امن کے قیام کے لیے ایک پیج پر آئیں۔

فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ اگر صوبے میں امن قائم ہوگا تو ہی سیاست سمیت تمام معاملات درست سمت میں آگے بڑھ سکیں گے۔ صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، جبکہ امن و امان کا قیام وفاق اور صوبائی حکومت دونوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام سیاسی اختلافات سے بالاتر ہوکر صرف اور صرف صوبے کے امن کے لیے بات چیت کی جانی چاہیے۔