ایف بی آر نے ٹیکس دہندگان کے پاس ورڈز تبدیل کردیئے، گوشوارے جمع کرانے میں مشکلات
پاس ورڈز کی تبدیلی سے بیرونِ ملک مقیم 30 فیصد ٹیکس دہندگان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پاس ورڈز کی تبدیلی سے بیرونِ ملک مقیم 30 فیصد ٹیکس دہندگان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
پاس ورڈ تبدیلی سے بیرونِ ملک موجود کم از کم 30 فیصد ٹیکس دہندگان متاثر، سابقہ پاس ورڈ بحال کیے جائیں، صدر کراچی چیمبر
کراچی (صباح نیوز) صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری محمد ریحان حنیف نے کہا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والے تمام افراد کے پاس ورڈز تبدیل کردیئے گئے ہیں، جس کے باعث ٹیکس دہندگان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے اور صرف چند روز باقی رہ گئے ہیں، ایسے میں پاس ورڈز کی تبدیلی سے گوشوارے جمع کرانے کا عمل مزید پیچیدہ ہوگیا ہے۔
محمد ریحان حنیف کے مطابق بیرونِ ملک یا سفر میں موجود کم از کم 30 فیصد ٹیکس دہندگان نئے پاس ورڈ کے حصول میں مشکلات سے دوچار ہیں۔ بیرونِ ملک موجود ٹیکس دہندگان کو نئے پاس ورڈ کا پیغام موصول نہ ہونے سے آئی آر آئی ایس تک رسائی متاثر ہو رہی ہے۔
صدر کراچی چیمبر نے کہا کہ آئی آر آئی ایس پر غیر معمولی دباؤ اور نظام پر اضافی بوجھ کے باعث بھی ٹیکس دہندگان کو گوشوارے جمع کرانے میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے ایف بی آر سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سابقہ پاس ورڈ بحال کیے جائیں تاکہ ٹیکس دہندگان آئی آر آئی ایس تک بلا رکاوٹ رسائی حاصل کرکے اپنے گوشوارے جمع کرا سکیں۔