ایف آئی اے کا ملک گیر کریک ڈاؤن، انسانی اسمگلنگ میں ملوث 15 ایجنٹس گرفتار

اہم کارروائیاں، بیرون ملک بھجوانے کا جھانسہ، لاکھوں روپے برآمد

September 28, 2026 · اہم خبریں
ایف آئی اے کی جانب سے انسانی اسمگلنگ کے خلاف ملک بھر میں کی جانے والی کارروائیوں کا ایک منظر۔

ایف آئی اے کی جانب سے انسانی اسمگلنگ کے خلاف ملک بھر میں کی جانے والی کارروائیوں کا ایک منظر۔

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکلز نے ملک بھر کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث 15 مبینہ ایجنٹس کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں ایڈیشنل ڈائریکٹر انسدادِ انسانی اسمگلنگ ڈائریکٹوریٹ عصمت اللّٰہ جونیجو کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں عمل میں لائی گئیں۔

ترجمان ایف آئی اے نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سادہ لوح شہریوں کو بہتر مستقبل اور روزگار کا جھانسہ دے کر غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک بھجوانے اور ان سے بھاری رقوم بٹورنے والے عناصر کے خلاف ملک کے مختلف حصوں میں چھاپے مارے گئے۔

سرکاری دستاویزات اور ابتدائی رپورٹس کے مطابق ڈی جی خان سے محمد نثار اور محمد طارق کو حراست میں لیا گیا، جبکہ لاہور سے عمر دراز، توحید، عالیہ، محمد عثمان، جاوید اقبال، احسن رضا اور مدثر کو گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح گجرات سرکل کے دائرہ اختیار میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران وریام حسین، طلت بلال، رمیز حیدر اور مرزا مقبول دبوچے گئے، جبکہ بہاولپور سے اللہ بخش نامی ملزم کو دھر لیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کی گئی ایک اور کارروائی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی ہے اور اس سلسلے میں 4 مزید ملزمان کو حراست میں لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ اس نیٹ ورک میں ملوث دیگر سہولت کاروں اور ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔