لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں موٹر سائیکل کی ٹکر سے خاتون جاں بحق

افوسناک ٹریفک حادثہ، ملزم موقع پر موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار، مقدمہ درج۔

September 28, 2026 · اہم خبریں
باغبانپورہ حادثے کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر شواہد اکٹھے کرتی ہوئی

باغبانپورہ حادثے کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر شواہد اکٹھے کرتی ہوئی

لاہور کے علاقے باغبانپورہ میں بسی موڑ کے قریب ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں 32 سالہ خاتون مصباح بی بی سڑک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار موٹر سائیکل کی ٹکر سے جاں بحق ہو گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی باغبانپورہ پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور متوفیہ کی لاش کو تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی کے لیے مردہ خانے منتقل کر دیا۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے شوہر علی رضا کی مدعیت میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے کے بعد ملزم اپنی موٹر سائیکل موقع پر ہی چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ایس پی کینٹ عثمان عزیز میر نے واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ فرار ہونے والے ملزم کو سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر تکنیکی ذرائع کی مدد سے ٹریس کیا جا رہا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے اور اسے جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔