کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں مسلح ڈاکوؤں کی بڑی واردات، کروڑوں کا سونا لوٹ لیا

خواتین کو یرغمال بنایا، مقدمہ درج کر لیا گیا

September 28, 2026 · اہم خبریں
کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ڈکیتی کی واردات کا منظر

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ڈکیتی کی واردات کا منظر

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں مسلح ڈاکوؤں نے گھر میں گھس کر خواتین کو یرغمال بنایا اور 1 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سونا اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

گلشن اقبال بلاک 2 میں پیش آنے والی اس ڈکیتی کی واردات کے سلسلے میں دستیاب دستاویزات کے مطابق گلشن اقبال پولیس نے مقدمہ نمبر 650 سال 2026 بجرم دفعہ 397 اور 34 کے تحت گھر کے مالک طاہر محمود کی مدعیت میں 4 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کر لیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق مدعی مقدمہ نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ وہ ذاتی کاروبار کرتے ہیں اور واقعے کے روز صبح پونے 10 بجے گھر سے کام پر روانہ ہوئے تھے۔ بعد ازاں دن 11 بجکر 40 منٹ پر ان کی بیٹی مریم نے فون کر کے بتایا کہ گھر میں ڈکیتی ہو گئی ہے۔

بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ 4 مسلح افراد نے صبح 10 بجکر 35 منٹ پر گھر میں داخل ہو کر وہاں موجود خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں خوفزدہ کیا۔ ڈاکو الماری میں رکھے ہوئے 3 طلائی زیورات کے سیٹ، بُندے اور چین سمیت کُل 40 تولہ سونا اور دراز میں رکھے ہوئے 7 لاکھ 60 ہزار روپے کی نقدی ساتھ لے گئے۔

مدعی نے پولیس کو بتایا کہ اطلاع ملتے ہی وہ واپس گھر پہنچے اور اہل خانہ سے تفصیلات حاصل کرنے کے بعد تھانے رپورٹ درج کرانے آئے۔ پینٹ شرٹ ملبوس اور مسلح چاروں ملزمان واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ گلشن اقبال پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد مزید کارروائی کے لیے معاملہ انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔