بھارتی ریاست تامل ناڈو کے سرکاری اسپتالوں میں نومولود بچوں کو سونے کی انگوٹھیاں دینے کا آغاز
فلاحی اسکیم کا آغاز، وزیراعلیٰ کا اقدام، اپوزیشن کی جانب سے تنقید۔
تامل ناڈو کے سرکاری اسپتال میں بچوں میں تقسیم کی جانے والی سونے کی انگوٹھیاں
بھارتی ریاست تامل ناڈو کے سرکاری اسپتالوں میں حال ہی میں پیدا ہونے والے بچوں میں مفت سونے کی انگوٹھیوں کی تقسیم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں سال جون میں اداکار سے تامل ناڈو کے وزیراعلیٰ بننے والے سی جوزف وجے نے ‘تھائی ممن گولڈ رنگ اسکیم’ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔
دستاویزات اور میڈیا رپورٹس کے مطابق اس اسکیم کے تحت ریاست کے سرکاری اسپتالوں میں جنم لینے والے تمام نومولود بچے 1 گرام وزنی سونے کی انگوٹھی حاصل کرنے کے اہل قرار دیے گئے ہیں۔ تامل ناڈو حکومت کا مؤقف ہے کہ اس انوکھے فلاحی اقدام کا بنیادی مقصد سرکاری اسپتالوں میں زچگی کی شرح میں خاطر خواہ اضافہ کرنا اور صوبے کے طبی اداروں پر عوام کے اعتماد کو مزید مستحکم بنانا ہے۔
دوسری جانب اس فلاحی اسکیم کو تامل ناڈو میں اپوزیشن جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی جانب سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بی جے پی کی رہنما تمیلیسائی سوندار راجن نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ نومولود بچے کو سونے کی انگوٹھی دینے کا اقدام بظاہر خوش آئند ہو سکتا ہے، تاہم غریب خاندانوں کو روزانہ کی بنیاد پر بنیادی غذائی ضروریات تک قابلِ اعتماد رسائی کی زیادہ فوری اور اشد ضرورت ہے۔