یمن تنازع کے بعد اہم پیش رفت، اماراتی نائب صدر آج ریاض پہنچیں گے
دونوں ممالک ماضی میں یمن میں ایک ہی اتحاد کا حصہ تھے، تاہم بعد میں یمن کے حوالے سے ان کی حکمت عملی میں نمایاں فرق دیکھا گیا۔
فائل فوٹو
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، نائب وزیراعظم اور صدارتی عدالت کے سربراہ شیخ منصور بن زاید آل نہیان سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان کی دعوت پر آج 29 ستمبر کو ریاض کا دورہ کریں گے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق شیخ منصور بن زاید نے سعودی وزیر دفاع کی جانب سے دورے کی دعوت قبول کرلی ہے۔ اماراتی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق یہ دورہ برادرانہ نوعیت کا ہوگا۔
یہ دورہ ایسے وقت میں ہورہا ہے جب یمن کے معاملے پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پالیسی اور مفادات کے حوالے سے اختلافات سامنے آتے رہے ہیں۔ دونوں ممالک ماضی میں یمن میں ایک ہی اتحاد کا حصہ تھے، تاہم بعد میں یمن کے حوالے سے ان کی حکمت عملی میں نمایاں فرق دیکھا گیا۔
سرکاری بیانات میں شیخ منصور بن زاید کے دورے کے دوران ہونے والی ملاقاتوں اور زیر بحث آنے والے معاملات کی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ اس لیے دورے کے مخصوص ایجنڈے سے متعلق حتمی معلومات سرکاری ملاقاتوں کے بعد ہی سامنے آسکیں گی۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں بھی سامنے آئی ہے جب سعودی عرب کو یمن سے متعلق سکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطے جاری رہنے سے باہمی تعلقات اور یمن سے متعلق امور پر مزید بات چیت کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔