امریکا میں کینیڈین مصنوعات پر پابندی نافذ

یہ پابندیاں کینیڈا کی جانب سے امریکی مصنوعات پر جوابی محصولات عائد کیے جانے کے بعد لگائی گئی ہیں۔ امریکی حکام

September 29, 2026 · بام دنیا
امریکا میں کینیڈین مصنوعات پر پابندی نافذ( فائل فوٹو)

امریکا میں کینیڈین مصنوعات پر پابندی نافذ( فائل فوٹو)

امریکا نے کینیڈا سے درآمد کی جانے والی بعض مصنوعات پر عائد پابندیوں کا نفاذ شروع کر دیا ہے۔ نئی پابندیوں کے تحت کینیڈا کی مختلف الکوحل مصنوعات، بعض ڈیری اشیا اور موٹر سائیکلوں کی امریکی مارکیٹ میں درآمد روک دی گئی ہے۔

یہ اقدام امریکا اور کینیڈا کے درمیان جاری تجارتی تنازع میں مزید شدت کے طور پر سامنے آیا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ پابندیاں کینیڈا کی جانب سے امریکی مصنوعات پر جوابی محصولات عائد کیے جانے کے بعد لگائی گئی ہیں۔

کینیڈا کی جانب سے فوری طور پر مزید جوابی اقدامات کی توقع کم ظاہر کی جا رہی ہے۔ کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ امریکی درآمدی پابندیوں کا مجموعی معاشی اثر محدود رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر کے مطابق امریکا اور کینیڈا کے درمیان تجارتی مذاکرات میں فی الحال پیش رفت نہیں ہو رہی، تاہم دونوں ممالک کے درمیان رابطے مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے۔ گریر کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے ممکنہ تجارتی معاہدوں کے حوالے سے رابطے جاری رہتے ہیں۔

تجارتی کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے درمیان مستقبل کے تجارتی تعلقات اور مذاکرات کے اگلے مرحلے پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔