لاہور میں جائیداد کے تنازع پر 80 سالہ والدہ کو قتل کرنے والا بیٹا گرفتار

سفاکانہ واردات، پولیس نے جدید ٹیکنالوجی سے ٹریس کیا، مضبوط چالان تیار کیا جائے گا،

September 29, 2026 · اہم خبریں
پولیس کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کے بعد تفتیشی عمل جاری ہے۔

پولیس کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کے بعد تفتیشی عمل جاری ہے۔

لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں جائیداد کے تنازع پر اپنی 80 سالہ والدہ کو چھری کے وار کرکے قتل کرنے والے سفاک ملزم کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے بزرگ خاتون سلمیٰ لطیف کے قتل کا نوٹس لیا تھا، جس کے بعد ایس پی انویسٹی گیشن صدر عبداللہ عمران چیمہ کی سربراہی میں ملزم کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔

پولیس حکام کے مطابق انچارج انویسٹی گیشن تھانہ نواب ٹاؤن انسپکٹر محمد قاسم نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو دبوچ لیا۔ ابتدائی تحقیقات اور پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے جائیداد کے تنازع پر اپنی 80 سالہ والدہ سلمیٰ لطیف کو چھری کے پے در پے وار کرکے بے دردی سے قتل کیا اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگیا تھا۔

ایس پی انویسٹی گیشن عبداللہ عمران چیمہ نے اس حوالے سے بتایا کہ ملزم کو جدید ٹیکنالوجی اور ہیومین انٹیلیجنس کی مدد سے حراست میں لیا گیا ہے۔ دریں اثنا، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کا کہنا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد اور قتل میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں، ملزم اب پولیس کی گرفت میں ہے اور اس کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ مضبوط چالان مرتب کروا کر اسے عدالت سے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔