اسٹارلنک کی غیر مجاز سرگرمیاں، ایران نے ناروے کے سفیرکوطلب کرلیا

سفارتی سطح پر احتجاج، بین الاقوامی ضوابط کی خلاف ورزی، فوری کارروائی کا مطالبہ

October 5, 2026 · بام دنیا
ایرانی وزارتِ خارجہ کا دفتر جہاں ناروے کے سفیر کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا گیا۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کا دفتر جہاں ناروے کے سفیر کو طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا گیا۔

 

ایران نے اپنی حدود میں اسپیس ایکس کی سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس اسٹارلنک کی مبینہ غیر مجاز سرگرمیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ناروے کے سفیر کو وزارت خارجہ طلب کر کے باضابطہ احتجاجی مراسلہ حوالہ کر دیا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل برائے بین الاقوامی امن و سلامتی نے ناروے کے سفیر پال بیورنستاد سے ملاقات کے دوران اپنے تحفظات کا کھل کر اظہار کیا۔ ایرانی حکام کی جانب سے الزام عائد کیا گیا کہ امریکا اور اسرائیل ایران کے خلاف مداخلتی سرگرمیوں اور سلامتی کو متاثر کرنے کے لیے اسٹارلنک سیٹلائٹ نیٹ ورک کا استعمال کر رہے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق، تہران کا مؤقف ہے کہ ناروے انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین (ITU) میں اسٹارلنک نیٹ ورک کو رجسٹر کرنے والی انتظامیہ ہے، اس لیے اس پر بین الاقوامی ضوابط کے تحت غیر مجاز ٹرانسمیشنز کے خلاف کارروائی کی بنیادی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ ایران نے بار بار کی جانے والی درخواستوں کے باوجود ناروے کی جانب سے مؤثر اقدامات نہ کیے جانے پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے۔

انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین کے ریڈیو ریگولیشنز بورڈ کی دستاویزات کے مطابق، ایران نے اپنے علاقے میں اسٹارلنک ٹرمینلز کے مسلسل غیر مجاز استعمال کی باضابطہ شکایت کی تھی، جس پر بورڈ نے ناروے اور امریکا سے متعلقہ ضوابط کی پاسداری اور غیر مجاز ٹرانسمیشنز روکنے کے لیے مناسب اقدامات پر زور دیا ہے۔ تہران حکومت کا کہنا ہے کہ اسٹارلنک کی یہ غیر مجاز سرگرمیاں اس کی قومی سلامتی اور علاقائی خودمختاری کے لیے سنگین خدشات پیدا کرتی ہیں، لہٰذا ناروے اس سلسلے میں فوری اور مؤثر اقدامات عمل میں لائے۔