صومالیہ میں یرغمال باقی 3 پاکستانی بازیاب، وزیراعظم کی مالی معاونت کا اعلان
سفارتی کوششیں کامیاب، بازیاب ارکان وطن روانہ، شہباز شریف کا شہدا کے لواحقین کے لیے بڑے پیکج کا اعلان۔
صومالیہ میں یرغمال باقی 3 پاکستانی بازیاب، وزیراعظم کی مالی معاونت کا اعلان
صومالیہ میں بحری قزاقوں کے ہاتھوں اغوا ہونے والے کارگو جہاز ایم ٹی آنر 25 کے بقیہ 3 پاکستانی ارکان کو بھی بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ بازیاب ہونے والے پاکستانیوں میں عمران علی، محمد یاسین اور سید حسین یوسف شامل ہیں، جنہیں جبوتی میں پاکستانی سفارت خانے کی ٹیم کے ہمراہ ادیس ابابا پہنچا دیا گیا ہے۔ یہ تینوں افراد اب ایتھوپین ایئرلائنز کی پرواز کے ذریعے پاکستان کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔
سرکاری ذرائع اور ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایتھوپیا میں پاکستانی سفیر عاطف عزیز اور جبوتی میں پاکستانی سفیر اقصیٰ نواز نے زخمی عملے کی روانگی کے امور کی نگرانی کی۔ اس سے قبل صومالی قزاقوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے 3 پاکستانی شہریوں رفیع اللہ، سید کاشف عمر اور محمود احمد کی میتیں اور 4 زخمی ارکان عثمان غنی، عقیل خان، امین بن شمس اور یاسر خان بھی ایتھوپیا سے کراچی کے لیے روانہ کر دیے گئے ہیں۔ ادیس ابابا ایئرپورٹ پر روانگی کے وقت زخمی عملے نے حکومتی اقدامات اور تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے صومالیہ میں جاں بحق ہونے والے تینوں پاکستانی شہریوں کے اہل خانہ کے لیے ایک کروڑ 25 لاکھ روپے فی خاندان مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم نے جاں بحق کاشف عمر کے بیٹے سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا اور شہدا کے بچوں کے لیے مفت تعلیم، صحت کی سہولیات اور رہائش فراہم کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزارتِ خارجہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ خاندانوں سے براہِ راست رابطہ رکھیں۔ حکومتِ پاکستان نے اس بحران کے دوران صومالیہ کی حکومت اور یورپی یونین نیول فورس کے آپریشن اٹلانٹا کا بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے۔