مذاکرات کو جان بوجھ کر نتیجہ خیز نہیں بننے دیا گیا،طلال چودھری

مذاکرات میں معاہدے کے بنیادی نکات پر اتفاق رائے بھی ہوگیا تھا جبکہ وزیراعلیٰ کو مذاکراتی عمل میں باقاعدہ شامل ہونے کی دعوت دی گئی تھی۔

October 6, 2026 · قومی
مذاکرات کو جان بوجھ کر نتیجہ خیز نہیں بننے دیا گیا،طلال چودھری(فائل فوٹو)

مذاکرات کو جان بوجھ کر نتیجہ خیز نہیں بننے دیا گیا،طلال چودھری(فائل فوٹو)

وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے الزام عائد کیا ہے کہ اپوزیشن مذاکرات کے حوالے سے کئی حقائق سامنے نہیں لا رہی اور آخری مرحلے پر ایسی شرائط عائد کی گئیں جن کے باعث بات چیت کامیاب نہ ہوسکی۔

پریس کانفرنس میں طلال چودھری نے بتایا کہ اپوزیشن کی مذاکراتی ٹیم اسلام آباد سے پشاور گئی، جہاں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے ملاقات اور بات چیت ہوئی۔ ان کے مطابق مذاکرات میں معاہدے کے بنیادی نکات پر اتفاق رائے بھی ہوگیا تھا جبکہ وزیراعلیٰ کو مذاکراتی عمل میں باقاعدہ شامل ہونے کی دعوت دی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت، ملاقاتوں اور دیگر سیاسی معاملات پر بھی اتفاق ہوگیا تھا اور مذاکرات میں ایک اہم پیش رفت ہوچکی تھی، تاہم آخری وقت میں نئی شرائط سامنے آنے سے معاملہ آگے نہ بڑھ سکا۔

طلال چودھری کے مطابق سہیل آفریدی سے ملاقات کے بعد اپوزیشن کی مذاکراتی ٹیم نے مؤثر انداز میں اپنا مؤقف پیش نہیں کیا اور مذاکراتی عمل سے پیچھے ہٹنے لگی۔

وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے معاملے کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک و قوم کی سلامتی سیاسی مفادات سے زیادہ اہم ہے اور دہشت گردی کے خلاف اقدامات کے لیے سیاسی گنجائش بھی پیدا کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں جانیں قربان کرنے والوں کے جنازوں میں شرکت بھی قومی ذمہ داری ہے، جبکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے آخری مرحلے میں پیش کی گئی شرائط مذاکرات کی ناکامی کی بڑی وجہ بنیں۔