لانگ مارچ ختم کرنے کی کنجی عمران خان کے پاس ہے، شوکت یوسفزئی
اگر حکومت کے پاس اختیارات ہیں تو تحریک انصاف کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں۔
لانگ مارچ ختم کرنے کی کنجی عمران خان کے پاس ہے، شوکت یوسفزئی(فائل فوٹو)
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ پارٹی کا لانگ مارچ جاری ہے اور اسے کسی دباؤ کے تحت ختم نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق مارچ ختم کرنے کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ہی کرسکتے ہیں۔
شوکت یوسفزئی نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم میڈیا پر مذاکرات کی باتیں کرنے کے بجائے عملی اقدامات کریں اور اگر حکومت کے پاس اختیارات ہیں تو تحریک انصاف کے جائز مطالبات تسلیم کیے جائیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان سے ملاقاتوں پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں، انہیں اسپتال منتقل کیا جائے اور ان کے مقدمات کی سماعت کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی بہنوں سمیت زیرحراست تمام خواتین کو بھی رہا کیا جانا چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے خلاف ہونے والے مبینہ منفی پروپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا خاتمہ کسی کا مینڈیٹ چھیننے سے ممکن نہیں۔ اس مسئلے کے حل کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومت سمیت تمام متعلقہ فریقوں کو ایک ساتھ بیٹھنا ہوگا۔
شوکت یوسفزئی نے خبردار کیا کہ اگر سہیل آفریدی کو غیر جمہوری طریقے سے عہدے سے ہٹانے کی کوشش کی گئی تو قبائلی علاقوں میں بھی تشویش پیدا ہوگی، جو ان کے بقول ملکی مفاد میں نہیں ہوگا اور اس سے دہشت گردی میں کمی نہیں آئے گی۔
انہوں نے گورنر خیبر پختونخوا کی جانب سے آئی جی پولیس اور چیف سیکریٹری کو طلب کرنے پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد گورنر کے اختیارات محدود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نہ تو ایمرجنسی نافذ ہوئی ہے اور نہ ہی گورنر راج، پھر گورنر کو اتنی جلدی کیوں ہے۔
شوکت یوسفزئی نے مزید کہا کہ گورنر راج کی دھمکیاں دینے والوں کی اپنی کارکردگی بھی سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور دیگر مسائل کے حل کیلئے حکومت کو تحریک انصاف کے جائز مطالبات تسلیم کرتے ہوئے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔