بھارت میں شوہر موٹر سائیکل پارک کرتا رہ گیا، نئی نویلی دلہن دوست کے ساتھ فرار

انوکھا واقعہ، چڑیا گھر کے دروازے پر انتظار کا کہا، اہلیہ موٹر سائیکل پر روانہ ہو گئی

October 9, 2026 · اہم خبریں
گوالیار چڑیا گھر کے باہر پیش آنے والے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا منظر

گوالیار چڑیا گھر کے باہر پیش آنے والے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا منظر

بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے شہر گوالیار میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک شوہر موٹر سائیکل پارک کرتا رہ گیا اور اس کی نئی نویلی دلہن مبینہ طور پر اپنے دوست کے ساتھ چلی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 21 سالہ نوجوان اپنی 18 سالہ اہلیہ کے ہمراہ تفریح کے لیے مقامی چڑیا گھر پہنچا تھا۔ شوہر نے اپنی بیوی کو چڑیا گھر کے داخلی دروازے پر رکنے کی ہدایت کی اور خود موٹر سائیکل کھڑی کرنے چلا گیا، تاہم جب وہ چند منٹ بعد واپس لوٹا تو اس کی اہلیہ وہاں سے غائب تھی۔

دستیاب اطلاعات کے مطابق خاتون مبینہ طور پر ایک دوسرے شخص کے ساتھ موٹر سائیکل پر بیٹھ کر روانہ ہو گئی، اور اس پورے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ چکی ہے۔

متاثرہ شوہر نے مقامی تھانے میں باضابطہ شکایت درج کراتے ہوئے ارمان خان نامی شخص پر اپنی اہلیہ کو بہلا پھسلا کر اغوا کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اس کے ملنے کے بعد ہی یہ واضح ہو سکے گا کہ وہ اپنی مرضی سے گئی ہے یا اسے زبردستی لے جایا گیا۔