ترکی میں پاکستانی پرچم اٹھا کر خطرناک احتجاج کرنے والا شخص گرفتار
ڈیڑھ گھنٹے تک ٹریفک معطل، اسپیشل آپریشنز ٹیم اور ڈرون کی مدد سے کارروائی مکمل
ترکی میں پاکستانی پرچم اٹھا کر خطرناک احتجاج کرنے والا شخص گرفتار
استنبول کے 15 جولائی شہداء پل پر ایک پاکستانی شہری نے ہاتھوں میں پستول اور پرچم اٹھا کر گاڑی پر چڑھ کر احتجاج کیا، جسے ڈیڑھ گھنٹے کی طویل کوشش کے بعد پولیس نے گرفتار کر کے ٹریفک بحال کردی۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ صبح تقریباً 10 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا، جہاں 30 سالہ پاکستانی شہری ایم این نے اپنی کار پل کی بائیں لین میں روکی اور گاڑی کے اوپر چڑھ کر نعرے بازی شروع کردی۔ عینی شاہدین اور اطلاعات کے مطابق مذکورہ شخص کے ایک ہاتھ میں ترکیہ کا پرچم اور ایک سبز و سفید رنگ کا جھنڈا تھا، جبکہ دوسرے ہاتھ میں پستول موجود تھا۔
ابتدائی اندازوں کے مطابق ملزم اسرائیل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نعرے لگا رہا تھا، جبکہ احتجاج کے دوران اس کے پیروں کے نیچے اسرائیلی پرچم بھی دیکھا گیا۔ اس دوران اس نے پستول کے ذریعے خودکشی کی کوشش بھی کی۔
اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس اور اسپیشل آپریشنز پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر ابتدا میں پل کی بائیں اور درمیانی لین اور بعد ازاں مجموعی طور پر تین لینز کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، جبکہ گاڑیوں کی آمدورفت کو میٹرو بس اسٹاپ کے راستے سے کنٹرول کیا گیا۔ ٹریفک کی بندش کے باعث پل پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
پولیس ٹیموں نے گاڑی پر چڑھے شخص کو نیچے اتارنے کے لیے بات چیت کا آغاز کیا۔ تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی کوششوں کے بعد اہلکاروں نے اسے قائل کرلیا، جس کے بعد ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
پولیس کی جانب سے ملزم کی گاڑی کو پل سے ہٹانے کے بعد ٹریفک کی روانی بحال کردی گئی۔ اس پورے واقعے کے دوران پل پر لگنے والے شدید ٹریفک جام اور پولیس کی کارروائی کے مناظر ڈرون کی مدد سے فضا سے بھی ریکارڈ کیے گئے۔