ڈاکٹر یاسمین راشد کی طبیعت بگڑ گئی، اسپتال منتقلی کے لیے عدالت میں درخواست دائر

کینسر، دمے اور ریڑھ کی ہڈی کے مسائل کا سامنا، وکیل نے فوری علاج کی سہولیات فراہم کرنے کی استدعا کردی

November 14, 2026 · قومی

ڈاکٹر یاسمین راشد کی طبیعت بگڑ گئی، اسپتال منتقلی کے لیے عدالت میں درخواست دائر

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو کوٹ لکھپت جیل سے اسپتال منتقل کرنے کے لیے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں درخواست دائر کردی گئی۔

نجی ٹی وی کے مطابق درخواست ان کے وکیل رانا مدثر کی جانب سے جمع کرائی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد 10 مئی 2023 سے مختلف مقدمات میں گرفتار ہیں اور کینسر اور دمے کے امراض میں مبتلا ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسموگ کے باعث ان کی طبیعت انتہائی خراب ہوچکی ہے، جبکہ جیل میں ان کے بنیادی حقوق بھی سلب کیے جارہے ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق ڈاکٹرز نے یاسمین راشد کو ہائیڈرو تھراپی اور فزیو تھراپی تجویز کی ہے، تاہم جیل میں موجود ہونے کے باعث ان کا مناسب علاج ممکن نہیں ہو پارہا۔

درخواست میں مزید بتایا گیا ہے کہ ان کی آخری ایم آر آئی رپورٹ میں ریڑھ کی ہڈی کے سنگین مسائل کی نشاندہی ہوئی ہے، جبکہ ڈاکٹرز نے آپریشن کا مشورہ بھی دیا ہے۔

مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جیل میں قید ہونے کے باعث ان کا آپریشن ممکن نہیں، جبکہ عدالتی حکم کے باوجود جیل حکام نے انہیں اسپتال منتقل نہیں کیا۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو فوری طور پر کوٹ لکھپت جیل سے اسپتال منتقل کرنے اور علاج کی مناسب سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔