مسلم لیگ ن ہمیں صوبائیت پر لیکچر دیتی ہے،خیبر پختونخوا کے آئینی اور مالی حقوق پر خاموش کیوں ہے؟ تیمور جھگڑا

پی ٹی آئی رہنما کا وفاقی حکومت پر مالی واجبات روکنے کا الزام، صوبے کے اربوں روپے کا حساب مانگ لیا

November 14, 2026 · قومی

مسلم لیگ ن ہمیں صوبائیت پر لیکچر دیتی ہے،خیبر پختونخوا کے آئینی اور مالی حقوق پر خاموش کیوں ہے؟ تیمور جھگڑا

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما تیمور سلیم جھگڑا نے مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر واقعی صوبوں کے حقوق کی بات کرنی ہے تو مسلم لیگ (ن) کو سب سے پہلے اپنی پارٹی کے اندر خیبر پختونخوا کے حقوق کے لیے آواز اٹھانی چاہیے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ خیبر پختونخوا کو 160 ارب روپے دینے کا زبانی اعلان کیا گیا، لیکن دوسری جانب صوبے سے 170 ارب روپے واپس لیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 220 ارب روپے کا سرپلس خیبر پختونخوا پر چھوڑا جا رہا ہے، جس کا مطلب ہے کہ صوبے کے اپنے پیسے ترقیاتی کاموں اور عوام پر خرچ نہیں کیے جائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما کے مطابق سابق فاٹا کے 50 ارب روپے کے جاری اخراجات بھی رواں سال ادا نہیں کیے گئے۔ سوال یہ ہے کہ کیا پشاور اور خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں کے وسائل سے سابق فاٹا کے بقایاجات پورے کیے جائیں گے؟

تیمور سلیم جھگڑا نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کو پن بجلی کے خالص منافع کی مد میں 70 ارب روپے نہیں دیے جا رہے، جبکہ اگر 1998 کی مردم شماری کے بجائے نئی مردم شماری کی بنیاد پر این ایف سی میں حصہ دیا جاتا تو صوبے کو تقریباً 150 ارب روپے ملتے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کسی کا احسان نہیں بلکہ خیبر پختونخوا کے اپنے پیسے ہیں، لیکن صوبے کو اس کے آئینی اور مالی حقوق نہیں مل رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) ہمیں صوبائیت اور نئے صوبوں کے حوالے سے لیکچر دیتی ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ صوبائیت کو سب سے زیادہ فروغ دینے والی جماعت آج خیبر پختونخوا کے آئینی اور مالی حقوق پر خاموش کیوں ہے؟