بیرونی سرپرستی میں ہونیوالی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری قوت کیساتھ جاری رہیں گے، وزیر اعظم
وزیر اعظم شہباز شریف کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں 24 دہشت گرد ہلاک۔
بیرونی سرپرستی میں ہونیوالی دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری قوت کیساتھ جاری رہیں گے، وزیر اعظم
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلح افواج دشمن کے ہر ناپاک منصوبے کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں، بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے۔ وزیر اعظم نے بلوچستان کے علاقوں کولپور، کردگاپ اور نوشکی میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد تنظیم فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیر اعظم نے کوئٹہ تفتان قومی شاہراہ این فورٹی پر گشت کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر عمر منہاس ناصر اور حوالدار محمد عدنان خان کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دشمن معصوم شہریوں اور سکیورٹی اہل کاروں کو نشانہ بنا کر خطے کا امن سبوتاژ کرنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے شہدا کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی اور کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ خیال رہے کہ بلوچستان کے علاقوں کولپور اور نوشکی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کرکے سیکیورٹی فورسز نے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
اس سے قبل خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کر کے شمالی وزیرستان میں 16 خارجی ہلاک کردیے۔ جن میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 2 افغان شہری بھی شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 2 بہادر جوان حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی شہید ہوگئے۔