نظامِ انصاف کی بہتری اور مقدمات کے انبار ختم کرنے کیلئے اصلاحات ناگزیر ہیں، ملک احمد خان
اہم تقریب سے خطاب، نظامِ انصاف مؤثر بنانے پر زور، وکلاء کیلئے فنڈز کا اعلان۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن قصور کے عشائیے سے خطاب کر رہے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ملک کی عدالتوں میں زیرِ التوا مقدمات کی تعداد لاکھوں تک پہنچ چکی ہے اور نظامِ انصاف کو مؤثر بنانے کے لیے فوری اصلاحات ناگزیر ہیں۔ وہ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن قصور کے عشائیے سے بطورِ مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سے آئینی عدالت کو الگ کرنے، نئے صوبوں کے قیام، ہائی کورٹس کے مزید بینچز بنانے اور مؤثر ضلعی حکومتوں کے قیام سمیت مختلف اہم تجاویز اس وقت زیرِ بحث ہیں۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے کوئی ریفرنڈم کی بات کر رہا ہے تو کوئی آئینی طریقہ کار کی تجویز دے رہا ہے، اور یہ تمام معاملات جمہوری مکالمے کا لازمی حصہ ہیں۔
ملک احمد خان نے مزید کہا کہ جمہوریت کا اصل نام بات چیت ہے، ہر شخص کو آئین کے دائرے میں رہ کر اپنی رائے کا حق حاصل ہے، تاہم دوسروں کی رائے کو احترام سے سننا بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ اُنہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اختلافِ رائے ہر شہری کا بنیادی حق ہے، لیکن اختلاف بھی ہمیشہ احترام اور مدلل طریقے سے ہونا چاہیے، جبکہ وکلاء ہمیشہ جمہوری مکالمے، آئینی بحث اور اختلافِ رائے کی بہترین بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ انہیں توقع ہے کہ قصور بار ان اہم قومی معاملات میں اپنا قائدانہ کردار ادا کرے گی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے قصور بار کے وکلاء کی علمی صلاحیتوں، دلائل اور بحث کے انداز کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہاں انتہائی قابل اور باصلاحیت وکلاء موجود ہیں، جن کی قابلیت کسی سے کم نہیں۔ اس موقع پر وکلاء کی فلاح و بہبود اور بہتر ورکنگ انوائرمنٹ کے حوالے سے اعلان کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ قصور بار ایسوسی ایشن کے لیے 10 کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے، جس میں ملک رشید احمد خان، ملک احمد سعید خان اور دیگر کی مشترکہ کاوش شامل ہے۔ چیمبرز کی تعمیر، بار کی خوبصورتی اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔