بنوں میں کنگر پل پولیس چوکی پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، 4 خوارج ہلاک

موثر جوابی کارروائی، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد، پولیس نے علاقہ کلیئر کرا لیا۔

November 14, 2026 · اہم خبریں
بنوں میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے کے بعد پولیس اور سکیورٹی اہلکار جائے وقوع پر موجود ہیں۔

بنوں میں دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے کے بعد پولیس اور سکیورٹی اہلکار جائے وقوع پر موجود ہیں۔

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں مسلح دہشت گردوں نے جدید ہتھیاروں سے لیس ہو کر پولیس چوکی کنگر پل پر اچانک حملہ کیا تاہم چوکی پر تعینات مستعد پولیس اہلکاروں نے انتہائی جرات اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت اور موثر جوابی کارروائی کی اور بھرپور مزاحمت کے ذریعے حملے کو مکمل طور پر ناکام بنا دیا، جس کے نتیجے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں نے نصف شب کنگر پل پولیس چوکی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔ حملے کی اطلاع ملتے ہی بنوں پولیس لائنز سے کوئیک رسپانس فورس (کیو آر ایف)، ریپڈ رسپانس فورس (آر آر ایف)، سی ٹی ڈی اور اضافی پولیس نفری فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ گئی اور پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ بعد ازاں علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 4 ہلاک دہشت گردوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے 4 کلاشنکوفیں، متعدد میگزین، بھاری مقدار میں گولہ بارود، دستی بم اور بندولیئرز بھی برآمد کر لیے گئے ہیں جبکہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر بنوں پولیس کو خصوصی شاباش دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزدل دہشت گردوں نے رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جسے ہمارے اعلیٰ تربیت یافتہ بیدار سپاہ نے ناکام بنایا جو قابل فخر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے لیے خیبرپختونخوا کی سرزمین پر کوئی جگہ نہیں ہے اور اس ناسور سے مٹی کو مکمل طور پر پاک کیا جائے گا۔

دریں اثنا، وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی بنوں میں پولیس چوکی پر خوارجیوں کا حملہ ناکام بنانے پر پولیس اور سی ٹی ڈی کی ستائش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس اور سی ٹی ڈی کے جوانوں نے جرات کے ساتھ خوارج کا حملہ ناکام بنایا ہے اور قوم کو اپنے بہادر سپوتوں پر ناز ہے۔