ہتھیار اٹھانے والوں کو قانون مت سکھاؤ، امریکی وزیر جنگ کا عالمی عدالت کو مشورہ

عالمی فوجداری عدالت کو تحقیقات، مقدمات چلانے اور شہریوں کو جیل بھیجنے کے اختیارات حاصل ہیں

November 15, 2026 · بام دنیا
ہتھیار اٹھانے والوں کو قانون مت سکھاؤ، امریکی وزیر جنگ کا عالمی عدالت کو مشورہ

ہتھیار اٹھانے والوں کو قانون مت سکھاؤ، امریکی وزیر جنگ کا عالمی عدالت کو مشورہ

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ہتھیار اٹھانے والوں کو قانون مت سکھاؤ‘‘، امریکہ ایسے بین الاقوامی قوانین کا پابند نہیں جنہیں اس نے تسلیم ہی نہیں کیا۔

فیڈرلِسٹ سوسائٹی کے 2026 نیشنل لائرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مارکو روبیو نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے عالمی فوجداری عدالت پر عائد پابندیوں کا دفاع کیا۔ انہوں نے عدالت کو ایک غیر منتخب ادارہ قرار دیتے ہوئے الزام لگایا کہ یہ خودمختار ممالک کے قوانین اور اختیارات سے بالاتر ہو کر فیصلے کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

روبیو کا کہنا تھا کہ عالمی فوجداری عدالت کو تحقیقات، مقدمات چلانے اور شہریوں کو جیل بھیجنے کے اختیارات حاصل ہیں، حالانکہ امریکہ نے نہ تو اس کے قوانین کی منظوری دی ہے اور نہ ہی اس کے دائرہ اختیار کو تسلیم کیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ واشنگٹن اس عدالت کے سامنے اپنے شہریوں کو جواب دہ بنانے کی اجازت نہیں دے گا اور قومی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

واضح رہے کہ اکتوبر 2026 میں امریکی حکومت نے عالمی فوجداری عدالت کے خلاف نئی پابندیوں کا اعلان کیا تھا، جن کے تحت عدالت کے ساتھ مالی لین دین روکنے اور اس کی سرگرمیوں کو محدود کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔ ان پابندیوں پر عمل درآمد کے لیے 180 دن کی مہلت بھی رکھی گئی ہے۔

امریکہ کو عالمی فوجداری عدالت کی جانب سے امریکی اہلکاروں اور اسرائیلی قیادت کے خلاف تحقیقات اور قانونی کارروائیوں پر بھی اعتراض ہے۔ عدالت نے غزہ جنگ سے متعلق مبینہ جرائم کے الزامات پر اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔

یاد رہے کہ امریکہ نے روم معاہدے پر دستخط کیے تھے، تاہم اس کی توثیق نہیں کی، اسی بنیاد پر واشنگٹن عالمی فوجداری عدالت کے دائرہ اختیار کو اپنے شہریوں پر لاگو کرنے کی مخالفت کرتا ہے۔