خواجہ آصف نے پارلیمنٹ لاجز کی خراب حالت دکھا دی، سی ڈی اے پر سوالات
تصاویر میں دیواروں سے اکھڑتا پینٹ، کھلی بجلی کی تاریں، داغ دار بیرونی حصے اور عمارتوں کی مجموعی خراب حالت نمایاں ہے۔
خواجہ آصف نے پارلیمنٹ لاجز کی خراب حالت دکھا دی، سی ڈی اے پر سوالات
وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ محمد آصف نے اسلام آباد میں ارکان پارلیمنٹ کے لیے مختص رہائشی فلیٹس کی خراب حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دیے۔
خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر پارلیمنٹیرین فلیٹس کی آٹھ تصاویر شیئر کیں، جن میں عمارتوں کی خستہ حالی واضح دکھائی دیتی ہے۔ تصاویر میں دیواروں سے اکھڑتا پینٹ، کھلی بجلی کی تاریں، داغ دار بیرونی حصے اور عمارتوں کی مجموعی خراب حالت نمایاں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ 2002 سے اسلام آباد کے ان پارلیمانی رہائشی فلیٹس میں مقیم ہیں، جہاں منتخب نمائندوں کو دو کمروں پر مشتمل رہائش فراہم کی جاتی ہے۔ ان کے مطابق وقت گزرنے کے ساتھ ان عمارتوں کی دیکھ بھال کا معیار مسلسل گرتا جا رہا ہے، جبکہ وہ اس معاملے پر متعدد مرتبہ کوششیں بھی کر چکے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر ڈھائی کروڑ نہیں بلکہ 25 کروڑ پاکستانیوں کے آئینی طور پر بااختیار نمائندوں کی رہائش گاہوں کی حالت ایسی ہو چکی ہے تو اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ سی ڈی اے اسلام آباد کے عام شہریوں کی رہائشی سہولیات اور مسائل پر کتنی توجہ دیتا ہوگا۔
انہوں نے پارلیمنٹیرین فلیٹس کی حالت کو متعلقہ ادارے کی کارکردگی اور دیکھ بھال کے نظام کے لیے ایک اہم سوال قرار دیا۔