خان یونس میں اسرائیلی فضائی حملہ، حماس کے سینئر کمانڈر جاں بحق

سمیر ابو یونس نے 1991 میں القسام بریگیڈز میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ تنظیم میں شامل ہونے والے ابتدائی افراد میں شمار ہوتے تھے۔

November 15, 2026 · بام دنیا
خان یونس میں اسرائیلی فضائی حملہ، حماس کے سینئر کمانڈر جاں بحق

خان یونس میں اسرائیلی فضائی حملہ، حماس کے سینئر کمانڈر جاں بحق

اسرائیلی فوج نے غزہ کے جنوبی شہر خان یونس میں فضائی حملے کے دوران حماس کے عسکری ونگ کے ایک سینئر کمانڈر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ بعد ازاں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے کمانڈر سمیر ابو یونس کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حماس کے ذرائع نے بتایا کہ خان یونس کے علاقے المواسی میں ایک سڑک پر کیے گئے اسرائیلی فضائی حملے میں سمیر ابو یونس جاں بحق ہوئے، جبکہ دیگر افراد بھی زخمی ہوئے۔

غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے اے ایف پی کو بتایا کہ امدادی کارکنوں نے 53 سالہ سمیر ابو یونس کی لاش برآمد کر لی ہے۔ ان کے مطابق حملے میں دو افراد زخمی بھی ہوئے۔

القسام بریگیڈز نے اپنے بیان میں سمیر محمود ابو یونس، المعروف ابو محمود، کی ہلاکت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ وہ تنظیم کی جنرل ملٹری کونسل کے رکن اور رفح بریگیڈ کے کمانڈر تھے۔

بیان کے مطابق سمیر ابو یونس نے 1991 میں القسام بریگیڈز میں شمولیت اختیار کی تھی اور وہ تنظیم میں شامل ہونے والے ابتدائی افراد میں شمار ہوتے تھے۔