وہاڑی میں 15 سالہ طالبہ سے مبینہ زیادتی، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے

طالبہ روزانہ گگو منڈی کے نواحی علاقے چک 183/ای بی سے وین ڈرائیور کے ساتھ اسکول جاتی تھی۔

November 15, 2026 · قومی
وہاڑی میں 15 سالہ طالبہ سے مبینہ زیادتی، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے

وہاڑی میں 15 سالہ طالبہ سے مبینہ زیادتی، ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے

وہاڑی کی تحصیل بورے والا میں دسویں جماعت کی 15 سالہ طالبہ کو اسکول لے جانے والے وین ڈرائیور کی جانب سے مبینہ زیادتی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے مرکزی ملزم اور اس کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے۔

پولیس کے مطابق طالبہ روزانہ گگو منڈی کے نواحی علاقے چک 183/ای بی سے وین ڈرائیور کے ساتھ اسکول جاتی تھی۔ جمعے کی صبح ڈرائیور اسے گھر سے لے کر اسکول جانے کے بجائے بورے والا لے گیا، جہاں اس نے وارث شہید چوک سے اپنے ایک نامعلوم ساتھی کو بھی گاڑی میں بٹھا لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان مبینہ طور پر طالبہ کو بورے والا شہر کے ایک مکان میں لے گئے، جہاں ڈرائیور نے اس کے ساتھ زیادتی کی۔ بعد ازاں ملزم طالبہ کو اسکول کے باہر چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

گھر واپس پہنچنے پر طالبہ نے اپنے والد کو واقعے سے آگاہ کیا، جس کے بعد انہوں نے پولیس ایمرجنسی نمبر 15 پر اطلاع دی۔ گگو منڈی پولیس نے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا جبکہ متاثرہ طالبہ کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔

ایس ایچ او حسن آفتاب کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور مختلف مقامات پر چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔