کیا پانی گرم کرنے والے برقی ہیٹر گیس کے مقابلے میں بہتر ہیں؟
دونوں قسم کے آلات میں برنر کی صلاحیت واضح طورپر مختلف
تصویر: سوشل میڈیا
بغیر ٹینکی کے پانی گرم کرنے والے واٹر ہیٹرز اسٹوریج ٹینک پر انحصار کیے بغیر ضرورت کے وقت گرم پانی فراہم کرتے ہیں۔ یہ آلات ٹھنڈے پانی کو ہیٹ ایکسچینجر میں لے جاتے ہیں جہاں اس کا درجہ حرارت تیزی سے بڑھ جاتا ہے اور دوسرے سرے سے گرم پانی باہر نکلتا ہے۔
بغیر ٹینک واٹر ہیٹرز کے کچھ نقصانات بھی ہیں جن میں تنصیب کے زیادہ ابتدائی اخراجات اور سرد موسم میں کم کارکردگی شامل ہے، تاہم یہ روایتی ٹینک والے ہیٹرز کے مقابلے میں کئی طریقوں سے بہتر ہیں۔ چونکہ یہ آلات ضرورت کے وقت پانی گرم کرتے ہیں، اس لیے صارفین کا گرم پانی کبھی ختم نہیں ہوتا۔ اس کے علاوہ یہ زیادہ توانائی کی بچت کرتے ہیں، کم جگہ گھیرتے ہیں اور ان کی عمر طویل ہوتی ہے جو مناسب دیکھ بھال کے ساتھ 20 سال تک چل سکتے ہیں۔
بغیر ٹینکی کے واٹر ہیٹرز کی 2 اہم اقسام ہیں جن میں گیس اور بجلی کے ماڈلز شامل ہیں۔ اگرچہ دونوں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں لیکن گیس کے ماڈلز عام طور پر بہتر ہوتے ہیں۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ گیس پر چلنے والے بغیر ٹینکی کے واٹر ہیٹرز بجلی کے ماڈلز کے مقابلے میں گرم پانی کے زیادہ بہاؤ کی شرح فراہم کر سکتے ہیں۔
پانی کے بہاؤ کی شرح وہ مقدار ہے جو فی منٹ گیلن کے حساب سے نکالی جاتی ہے۔ ماڈل کے لحاظ سے گیس سے چلنے والا یونٹ 4اعشاریہ 5گیلن فی منٹ فراہم کر سکتا ہے جو شاورز، نلکوں اور دیگر آلات کو بیک وقت چلانے کے لیے کافی ہے اور اس سے بجلی کے نظام پر بھی زیادہ بوجھ نہیں پڑتا۔
سردیوںمیں بھی گیس سے چلنے والے بغیر ٹینکی کے واٹر ہیٹرز کو برتری حاصل ہوتی ہے۔ گیس ہیٹرز کی برنر کی صلاحیت ایک لاکھ چالیس ہزار سے ایک لاکھ نوے ہزاربرٹش تھرمل یونٹس فی گھنٹہ تک ہوتی ہے۔ اس کے مقابلے میں رہائشی بجلی کے ہیٹرز کی مساوی صلاحیت سینتالیس ہزار سات سوستر سے ایک لاکھ نوہزار ایک سو برٹش تھرمل یونٹس فی گھنٹہ ہوتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ گیس والے ماڈلز میں آنے والے پانی کا درجہ حرارت مطلوبہ سطح تک بڑھانے کے لیے زیادہ حرارتی صلاحیت ہوتی ہے۔
واٹر ہیٹر خریدتے وقت مجموعی اخراجات بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ابتدائی طور پر گیس کے ہیٹرزیادہ مہنگے ہوتے ہیں۔ ایک عام گیس کا ماڈل اوسطاً 1160 ڈالر میں ملے گا اور اس میں تنصیب کے اخراجات شامل نہیں ہوتے۔ دوسری طرف بجلی کے ہیٹرز کی اوسط قیمت 650 ڈالر ہوتی ہے۔ یہ سن کر اچھا لگ سکتا ہے لیکن اس کے چلانے کے اخراجات زیادہ ہیں۔
بجلی کے بہت سے یونٹس کو چلانے کے لیے کم از کم 120 ایمپیئرز اور متعدد 240 وولٹ سرکٹس کی ضرورت ہوتی ہے جو بہت زیادہ بجلی ہے۔روایتی بجلی کے ٹینک والے واٹر ہیٹر کو 240 وولٹ پر صرف 18 اعشاریہ 8 ایمپیئرز کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگر آپ کا گھر اتنی بجلی فراہم نہیں کر سکتا تو الیکٹریکل پینل کو اپ گریڈ کرنا پڑے گا۔ مکمل پینل اپ گریڈ کرنے پر 2000 ڈالر تک خرچ آ سکتے ہیں۔
ماحول بھی ایک اہم کردار ادا کرتا ہے کیونکہ سرد آب و ہوا برقی ہیٹرز کے لیے زیادہ مشکل ہوتی ہے۔ 5 گیلن فی منٹ کی صلاحیت والا بجلی کا یونٹ صرف 3 گیلن فی منٹ پانی فراہم کر سکتا ہے۔ اگر اسے ٹھنڈا زمینی پانی گرم کرنا پڑے اور بجلی کی طلب زیادہ ہو۔ 36 کلو واٹ کے ہائی پاور یونٹ کو پانی کا درجہ حرارت 80 ڈگری فارن ہائیٹ بڑھانے کے لیے 150 ایمپیئرز بجلی کھینچنی ہوگی۔ یہ بہت زیادہ توانائی ہے اور اس سے گھر کے بجلی کے بنیادی ڈھانچے پر کافی دباؤ پڑتا ہے۔
2019 میں کنزیومر رپورٹس نے گیس اور بجلی سے چلنے والے بغیر ٹینکی کے واٹر ہیٹرز کا تجربہ کیا۔ انہوں نے پایا کہ جب پانی 74 ڈگری فارن ہائیٹ پر گرم تھا تو گیس اور بجلی دونوں ماڈلز پانی کو گرم اور برقرار رکھنے کے قابل تھے۔ تاہم جب پانی 58 ڈگری فارن ہائیٹ پر تھا تو بجلی کا یونٹ پانی فراہم کرنے میں مشکل کا شکار ہوا۔ اسی وجہ سے ایسی آب و ہوا کے لیے بجلی کے ہیٹرز تجویز کیے جاتے ہیں جہاں زمینی پانی گرم ہو۔
اپنے نقصانات کے باوجود اب بھی کچھ ایسے حالات ہوتے ہیں جہاں گیس کے یونٹ کے مقابلے میں بجلی سے چلنے والا بغیر ٹینکی کا واٹر ہیٹر بہتر آپشن ہوتا ہے۔ مثال کے طور پر چھوٹی رہائشیں یا ایسے گھر جہاں آلات کے لیے زیادہ گرم پانی استعمال نہیں ہوتا۔ ان مقامات پر طلب کم ہوتی ہے، اس لیے بجلی کا ہیٹر آپ کے گھر کے بجلی یا پانی کے نظام پر زیادہ بوجھ نہیں ڈالتا۔ اس کے علاوہ یہ مشینیں گرم آب و ہوا میں بہتر کام کرتی ہیں۔
گیس پرچلنے والے ہیٹرز سرد یوں کے علاوہ گرمامیں بھی اچھی کارکردگی دکھاتے ہیں۔ فرق صرف یہ ہے کہ گیس اور بجلی کے درمیان یہ فرق بہت کم ہوتا ہے۔ گرم آب و ہوا میں زمینی پانی گرم ہوتا ہے جس کا مطلب ہے کہ مشینیں پانی گرم کرنے کے لیے کم توانائی استعمال کر سکتی ہیں۔ اس صورت حال میں بجلی کے یونٹس بہتر ہوتے ہیں کیونکہ یہ خریدنے میں سستے ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ گیس کے واٹر ہیٹرز دھواں پیدا کرتے ہیں اور ان کے لیے وینٹیلیشن کے نظام کی ضرورت ہوتی ہے۔ بجلی کے یونٹس کے ساتھ یہ مسئلہ نہیں۔۔