یمن: حوثی باغیوں کی عدن کی جانب پیش قدمی کی اطلاعات
یمنی حکومت کی حامی افواج نے بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں سے اپنا انخلا شروع کر دیا ، حکومت نواز افواج
فائل فوٹو
عدن: یمن میں حوثی جنگجوؤں نے اقوامِ متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ یمنی حکومت کے عارضی دارالحکومت عدن کی جانب پیش قدمی تیز کر دی ہے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
عسکری ذرائع کے مطابق اتوار کے روز یمنی حکومت کی حامی افواج نے بحیرہ احمر کے ساحلی علاقوں سے اپنا انخلا شروع کر دیا ہے، جہاں وہ اسٹریٹجک اہمیت کی حامل باب المندب آبنائے کے کنٹرول کے لیے حوثیوں کے خلاف برسرِ پیکار تھیں۔
حکومت نواز افواج کے حکام کا کہنا ہے کہ انخلا کا مقصد پسپائی نہیں بلکہ عدن کے دفاع کے لیے اپنی عسکری پوزیشنوں کو مزید مضبوط اور مستحکم بنانا ہے تاکہ حوثیوں کی پیش قدمی کو روکا جا سکے۔ واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ کی تسلیم شدہ یمنی حکومت اس وقت عدن ہی سے اپنے امور چلا رہی ہے اور اسے اپنا دارالحکومت قرار دیتی ہے۔
دوسری جانب اقوامِ متحدہ کے دفترِ برائے انسانی حقوق کے ترجمان نے یمن کی تازہ صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تنازع کے تمام فریقوں پر زور دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کا مکمل احترام کریں اور متاثرہ و ضرورت مند شہریوں تک انسانی امداد کی بلا تعطل رسائی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔