شیخ حسینہ کے پاسپورٹ کا معاملہ، امریکی محکمہ خارجہ نے فیصلہ عوام پر چھوڑ دیا
اہم بیان، اندرونی معاملہ قرار دے دیا، تعلقات مضبوط بنانے کا اعادہ،
شیخ حسینہ کے پاسپورٹ کا معاملہ، امریکی محکمہ خارجہ نے فیصلہ عوام پر چھوڑ دیا
امریکا نے کہا ہے کہ بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کا فیصلہ بنگلا دیشی عوام کریں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں واضح کیا ہے کہ شیخ حسینہ کے پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کا یہ معاملہ مکمل طور پر بنگلا دیش کا داخلی معاملہ ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ واشنگٹن ڈھاکا حکومت کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ اگست 2024 میں اقتدار سے بے دخلی کے بعد بھارت فرار ہو گئی تھیں۔ گزشتہ برس نومبر میں بنگلا دیشی عدالت نے انہیں انسانیت کے خلاف جرائم کے مقدمے میں غیر حاضری میں سزائے موت سنائی تھی۔ انہوں نے گزشتہ سال دسمبر میں وطن واپس آ کر عدالت کے سامنے پیش ہونے کا ارادہ ظاہر کیا تھا، جبکہ گزشتہ ہفتے ان کی جانب سے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے حصول کے لیے درخواستیں جمع کرانے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں تھیں۔ علاوہ ازیں، بنگلا دیشی حکومت پہلے ہی بھارت سے ان کی حوالگی کا باضابطہ مطالبہ کر چکی ہے۔