وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا صوبے بھر میں خوشحال دیہات پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ
دیہی ترقی کا نیا ماڈل، 44 دن کی ڈیڈ لائن مقرر، نفاذ فوری ہوگا
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا صوبے بھر میں خوشحال دیہات پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ
لاہور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے دیہات کی جامع ترقی کے لیے “خوشحال دیہات پروگرام” شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ منظور شدہ منصوبے کے تحت دیہات کی ترقی کے تمام فیصلے وہاں کے مقامی مکین خود کریں گے۔ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 485 دیہات میں کوآپریٹو سوسائٹیز قائم کی جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں مزید 1500 دیہات میں کوآپریٹو سوسائٹیز تشکیل دی جائیں گی۔
سرکاری دستاویز کے مطابق دیہی ترقیاتی منصوبے کوآپریٹو سوسائٹی ماڈل کے تحت مکمل کیے جائیں گے۔ اس مقصد کے لیے 29 سال بعد پنجاب میں کوآپریٹو سوسائٹیز پر عائد پابندی کو جزوی طور پر اٹھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے پروگرام کے باقاعدہ آغاز کے لیے 44 دن کی سخت ڈیڈ لائن مقرر کی ہے۔ دیہات میں پکی گلیاں، جدید ڈرینج سسٹم، گندے پانی کے نکاس کے لیے جوہڑ اور سولر اسٹریٹ لائٹس تنصیب کی جائیں گی۔
پروگرام کی شفافیت اور نگرانی کے لیے اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی تحصیل مانیٹرنگ کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بھی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ ہر کوآپریٹو سوسائٹی کے لیے 5 رکنی مینجمنٹ کمیٹی قائم کی جائے گی جو صدر، نائب صدر، جنرل سیکرٹری، خزانچی اور ایک ایگزیکٹو ممبر پر مشتمل ہوگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ وہ ہر گاؤں کی ترقی کی باگ ڈور اس کے اپنے لوگوں کے ہاتھ میں دینا چاہتی ہیں تاکہ مکین کوآپریٹو سوسائٹی کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں کے فیصلے خود کر سکیں۔ دریں اثنا، طلبہ کے عالمی دن پر اپنے ایک الگ پیغام میں مریم نواز شریف نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ جدید تعلیم اور ٹیکنالوجی کے ساتھ نظم و ضبط اور خدمت کا جذبہ اپنائیں، اور واضح کیا کہ حکومت ہونہار سکالرشپ پروگرام، لیپ ٹاپ سکیم اور ای بائیکس کے ذریعے طلبہ کے خوابوں کو حقیقت میں بدل رہی ہے۔